پاکستان

ریلوے پولیس اہلکار کے تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون کی لاش برآمد

30 سالہ مریم بی بی کا تعلق جڑانوالہ کے چک 648 سے تھا، تشدد کرنے والا ریلوے پولیس اہلکار میر حسن پہلے سے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے، پولیس

ریلوے پولیس اہلکار کے تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون کی لاش بہاولپور سے بر آمد ہوئی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق خاتون نواحی علاقہ چنی گوٹھ ریلوے اسٹیشن کے قریب سے مردہ حالت میں پائی گئی۔

ترجمان پولیس نے بتایا کہ 30 سالہ مریم بی بی کا تعلق جڑانوالہ کے چک 648 سے تھا، خاتون پر تشدد کرنے والے ریلوے پولیس اہلکار میر حسن کو گرفتار کر کے ضمانت پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے خاتون کی لاش پوسٹمارٹم کےلیے ہسپتال منتقل کردی ہے اور واقع کی تفتیش جاری ہے۔

مریم بی بی کے بھائی افضل کے مطابق اس کی بہن کراچی میں بیوٹی پارلر میں ملازمت کرتی تھی اور عید کرنے کے لئے جڑانوالہ آرہی تھی، ورثا نے خاتون کی ہلاکت کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ 7 اپریل کی رات کوٹری اور حیدرآباد کے درمیان ملت ایکسپریس ٹرین میں پولیس اہلکار کی جانب سے خاتون مسافر پر تشدد کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی، پولیس اہلکار کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا تھا۔

مقتولہ خاتون پر تشدد کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

گرفتار پولیس اہلکار نے بیان دیا تھا کہ خاتون مسافروں کو تنگ کر رہی تھی، منع کرنے پر خاتون نے مجھ سے بھی بدتمیزی کی، جس پرطیش میں آکر ہاتھ اٹھانا پڑا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ عبداللہ شیخ کا کہنا تھا کہ ایسے اہلکار کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، اہلکار کے خلاف قانونی کارروائی کے علاوہ سخت محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جاۓ گی۔

فواد چوہدری کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور

پنجاب اسمبلی اجلاس 16 اپریل کو طلب

سہیل احمد کے الزامات اور تنقید پر آفتاب اقبال کا ردعمل سامنے آگیا