دنیا

ایران کا اسرائیل پر حملہ، مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر پاکستان کی گہری تشویش

2 اپریل کو پاکستان نے شام میں ایرانی قونصل خانہ پر حملے کو ایک بڑی کشیدگی کا پیش خیمہ قرار دیا تھا، ترجمان دفتر خارجہ

13 اور 14 اپریل کی درمیانی شب ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے بعد خطے میں بڑھتی کشیدگی پر پاکستان نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو مشرق وسطیٰ کی بگڑتی صورتحال پر گہری تشویش ہے، پاکستان نے کئی ماہ سے غزہ میں جنگ بندی کے لئے بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ 2 اپریل کو پاکستان نے شام میں ایرانی قونصل خانہ پر حملے کو ایک بڑی کشیدگی کا پیش خیمہ قرار دیا تھا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آج کی پیش رفت سفارت کاری میں تعطل کے نتائج کو ظاہر کرتی ہے، یہ صورتوں میں سنگین مضمرات کو ظاہر کرتی ہے جہاں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بین الاقوامی امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے کی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے سے قاصر ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اب صورتحال کو مستحکم کرنے اور امن کی بحالی کی اشد ضرورت ہے، ہم تمام فریقین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ انتہائی تحمل سے کام لیں اور کشیدگی کو کم کرنے کی طرف بڑھیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب ایران نے اسرائیل پر تقریباً 200 ڈرون اور کروز میزائل فائر کیے تھے، ایرانی پاسدران انقلاب نے اسرائیل پر حملے کی باضابطہ تصدیق کی تھی۔

حملے میں اسرائیلی دفاعی تنصیاب اور فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق یہ حملہ یکم اپریل کو اسرائیل کے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کے جواب میں ہے جس میں ایرانی پاسداران انقلاب کے لیڈر سمیت 12 افراد شہید ہوگئے تھے۔

ایران کی طرف سے اسرائیل پر حملے کے بعد اقوام متحدہ، سعودی عرب، چین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین سے کشیدگی نہ بڑھانے پر زور دیا تھا۔

یہ بھی واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 33 ہزار 686 فلسطینی شہید اور 76 ہزار 309 زخمی ہو چکے ہیں۔

اسرائیل پر فائر کیے گئے تقریباً تمام ایرانی ڈرون مار گرائے، امریکا

ایران نے اسرائیل پر براہ راست حملہ کردیا، درجنوں ڈرون اور میزائل فائر

ایران کا اسرائیل پر حملہ، چین اور سعودی عرب سمیت عالمی برادری کا ردعمل