پاکستان

اپوزیشن اتحاد کا حکومت کیخلاف ملک گیر تحریک شروع کرنے کا اعلان

عمر ایوب نے آج پشین میں جلسہ عام کا اعلان کیا تھا جس سے تمام 6 اپوزیشن جماعتوں کے رہنما خطاب کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان نے اعلان کیا ہے کہ اپوزیشن کی 6 جماعتیں حکومت کے خلاف ملک گیر تحریک شروع کریں گی، جسے تحریک تحفظ آئین پاکستان (ٹی ٹی اے پی) کا نام دیا گیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق تحریک میں آج پشین سے شروع ہونے والے عوامی جلسے کے علاوہ بار ایسوسی ایشنز، یونیورسٹی کے طلبا اور دیگر جماعتوں کو بھی ایک پیچ پر لایا جائے گا تاکہ مسلم لیگ (ن) کی زیرقیادت مخلوط حکومت کے خلاف مہم کے لیے اپنی حمایت حاصل کر سکیں۔

گزشتہ روز بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کی زیر صدارت کئی گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے بتایا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کو 6 جماعتوں پر مشتمل اتحاد کا صدر منتخب کیا گیا ہے، یہ فیصلہ مختلف اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کے اتفاق سے کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 8 فروری کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف تحریک چلائی جا رہی ہے جس کا مقصد آئین کا تحفظ اور قانون کی حکمرانی ہے، اپوزیشن اتحاد نے انتخابی نتائج کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والی حکومت کو مسترد کر دیا۔

اجلاس میں عمر ایوب، اختر مینگل اور محمود اچکزئی کے علاوہ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا خان، مجلس وحدت مسلمین کے چیئرمین راجہ ناصر عباس اور جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے بھی شرکت کی۔

عمر ایوب نے کہا کہ اجلاس میں گیس اور بجلی کے نرخوں میں اضافے کو مسترد کر دیا گیا، تمام سیاسی جماعتوں نے تمام شعبوں میں بگڑتی ہوئی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اپنی مرضی سے اپوزیشن اتحاد میں شمولیت اختیار کی ہے۔

بعدازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے کہا کہ ہم میں سے کوئی بھی فوج کے خلاف نہیں ہے، ہمیں اس کے سیاسی کردار پر اعتراض ہے، اپوزشین اتحاد میں سے کسی نے آئین کی خلاف ورزی نہیں کی۔

محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ کسی بھی سول اور فوجی افسر کی ملازمت میں توسیع نہیں ہونی چاہیے۔

جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ نے کہا کہ عوام کو دیوار سے لگا دیا گیا ہے کیونکہ ان کے مینڈیٹ کو قبول نہیں کیا جا رہا ہے، میں اتحاد کے اجلاس کے فیصلے اور اعلان سے متفق ہوں اور ہم اپنا موقف جماعت کی شوریٰ کے اجلاس کے بعد دیں گے۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ عوام کی حمایت سے قانون کی حکمرانی کے لیے جدوجہد کریں گے۔

قبل ازیں پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے آج (13 اپریل) کو پشین میں جلسہ عام کا اعلان کیا تھا جس سے تمام 6 اپوزیشن جماعتوں کے رہنما خطاب کریں گے۔

عمر ایوب نے کہا کہ احتجاجی تحریک کا آغاز بلوچستان سے کیا جائے گا اور بعد میں اسے ملک کے دیگر حصوں تک پھیلایا جائے گا۔

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے سبب تیل، سونے کی قیمتوں میں اضافہ

اسٹار کرکٹر عالیہ ریاض اور کمنٹیٹر علی یونس شادی کے بندھن میں بندھ گئے

پاکستان ’انتہائی خطرناک‘ ممالک کی فہرست میں شامل نہیں، برطانوی حکام