گلوکار غلام عباس علالت کے باعث گھر تک محدود رہ گئے
متعدد طبی پیچیدگیوں کا شکار گلوکار نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ جو ان کا حق بنتا ہے، انہیں وہ دیا جائے۔
پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ یافتہ گلوکار غلام عباس شدید علیل ہونے کے باعث گھر تک محدود رہ گئے، حکومت نے بھی انہیں بھلا دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق گلوکار زائد العمری سمیت دیگر طبی پیچیدگیوں کے باعث گزشتہ چند ہفتوں سے علیل ہیں اور ان کا گھر پر ہی علاج کیا جا رہا ہے۔
علالت کی وجہ سے غلام عباس گھر تک محدود ہوگئے ہیں، انہوں نے باہر آنا جانا کم کردیا ہے، ساتھ ہی انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ جو ان کا حق بنتا ہے، انہیں وہ دیا جائے۔
غلام عباس نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے حکومت سے مالی تعاون کی اپیل بھی کی جب کہ ان کے اہل خانہ نے بھی گلوکار کا علاج سرکاری اخراجات پر کروانے کا مطالبہ کیا۔
گلوکار غلام عباس کے علیل ہونے کے بعد میوزک کمپنی ای ایم آئی نے عید الفطر کے موقع پر انہیں 2 لاکھ روپے کا چیک دیا لیکن ساتھ ہی حکومت سے گلوکار کی مدد کا مطالبہ بھی کیا۔