کھیل

پیرس اولمپکس سے قبل ٹریننگ کیلئے ارشد ندیم جنوبی افریقہ پہنچ گئے

پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن نے ارشد ندیم کو جنوبی افریقہ بھجوانے کے انتظامات کیے جہاں وہ جوہانسبرگ میں پانچ ہفتوں تک ٹریننگ کریں گے۔

پیرس اولمپکس 2024ء سے قبل پاکستان کے جیولن اسٹار ارشد ندیم ٹریننگ کے لیے جنوبی افریقہ پہنچ گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن نے ارشد ندیم کو جنوبی افریقہ بھجوانے کے انتظامات کیے جہاں وہ جوہانسبرگ میں پانچ ہفتوں تک ٹریننگ کریں گے۔

روانگی سے قبل ارشد ندیم نے پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے قوم کی بھرپور سپورٹ پر اظہارِ تشکر کیا، ساتھ ہی انہوں نے تصدیق کی کہ وہ 5 ہفتوں کی ٹریننگ میں حصہ لیں گے۔

واضح رہے کہ ہر چار سال بعد منعقد ہونے والے اولمپکس مقابلوں کا رواں سال فرانس کے شہر پیرس میں انعقاد ہوگا جہاں یہ مقابلے 26 جولائی سے 11 اگست تک جاری رہیں گے۔

پاکستان اولمپکس کمیٹی کے مطابق پاکستان کے تین شوٹرز غلام مصطفی بشیر، گلفام جوزف اور کشمالہ طلعت، جیولین تھرو اور ورلڈ ایتھلیٹک چیمپیئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے ارشد ندیم اور فرانس سے تعلق رکھنے والے ایونٹر عثمان خان پیرس اولمپکس کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دیگر کھیلوں جیسے باکسنگ، ٹائی کونڈو، تیراکی اور ویٹ لفٹنگ میں بھی پاکستانی ایتھلیٹس کے کوالیفائی کرنے کے امکانات موجود ہیں۔

جیولن اسٹار ارشد ندیم سے امید کی جارہی ہے کہ وہ پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے تمغہ جیتیں گے، یہی وجہ ہے کہ وہ ٹریننگ سیشنز میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔

اس سے قبل وہ گھٹنے کی انجری کے باعث محض ایک دن قبل ایشین گیمز مقابلوں سے باہر ہوگئے تھے۔

بچی کے ساتھ ایئرپورٹ سیکیورٹی اہلکار کی بدسلوکی، شاہد آفریدی کا اظہارِ برہمی

جیولین تھرو کے اسٹار ارشد ندیم گھٹنے کی انجری کے سبب ایشین گیمز سے باہر

تصویر بنواتے وقت پاکستانی پرچم نہ ہونے پر ارشد ندیم کی وضاحت