پاکستان

عید کے موقع پر بجلی قیمتوں میں کمی عوام کیلئے خصوصی تحفہ ہے، عطا تارڑ

وزیراعظم کی توجہ مہنگائی میں کمی پر مرکوز ہے، حالات میں اسی طرح بہتری رہی تو بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی ہوگی، وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر بجلی کی قیمتوں میں کمی عوام کے لیے حکومت کی طرف سے خصوصی تحفہ ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی تمام تر توجہ مہنگائی میں کمی پر مرکوز ہے، اپریل کے مہینے میں گزشتہ ماہ کی نسبت 3 روپے 82 پیسے کمی واقع ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں ڈالر ریٹ پر انحصار ہوتا ہے، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہونے کی وجہ سے بجلی کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت سے پہلے کاروباری حضرات اور ایکسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا تھا، ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، آج ایکسچینج ریٹ اور روپے کی قدر مستحکم ہے، نگران دور میں بھی روپے کی قدر مستحکم رہی، اگر حالات میں اسی طرح بہتری رہی تو بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی ہوگی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عالمی مالیاتی جریدے بھی کہہ رہے ہیں کہ مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے، بلومبرگ نے بھی کہا ہے کہ دو فیصد مہنگائی میں کمی ہوئی ہے جب کہ بلومبرگ نے پیشنگوئی کی ہے کہ اگلے سال مہنگائی مزید کم ہوگی، مثبت اشاریے سامنے آ رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت بجلی چوری کے خلاف اقدامات اٹھا رہی ہے، بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا، حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے بہترین حل سامنے لا رہی ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اطلاعات کا بیان سامنے آنے سے قبل وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا تھا کہ اپریل کے بجلی بلوں میں 3 روپے 82 پیسے فی یونٹ کمی ہوئی ہے، یہ مجموعی کمی ڈالر کے لحاظ سے سہ ماہی فیول پرائس ایڈجسمنٹ کی وجہ سے ہوئی ہے۔

اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر توانائی نے کہا تھا کہ رواں ماہ کے بلوں پر فیول پرائس ایڈجسمنٹ کم ہوکر 4 روپے 92 پیسے مقرر ہوئی ہے، ایندھن کی قیمت میں 2 روپے 14 پیسے کی کمی ہوئی، پہلے سہ ماہی ایڈجسمنٹ 4 روپے 43 پیسے تھی جو کہ کم ہو کر 2 روپے 75 پیسے ہوگئی۔

پنجاب: علی پور میں شوہر نے بیوی سمیت 7 بچوں کو گلا کاٹ کر قتل کردیا

آسٹریلوی جونیئر اسکواش چیمپئن شپ: پاکستانی کھلاڑیوں نے 5 ٹائٹلز جیت لیے

عید کے دوسرے دن تیار ہونے کیلئے یہ منفرد اسٹائل ضرور آزمائیں!