کوئٹہ: مسجد میں دھماکا، پولیس اہلکار شہید، 5 اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے ٹاؤن کچلاک کی ایک مسجد میں دھماکے میں ایک پولیس اہلکار شہید جب کہ 5 اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے۔
’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوع پر پہنچے اور متاثرہ مقام کو گھیرے میں لے کر ناکہ بندی کرتے ہوئے تحقیقات کا ٓآغاز کردیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں 5 یولیس اہلکار بھی شامل ہیں، شہید اور زخمی پولیس اہل کاروں کا تعلق ایگل اسواڈ سے ہے۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
بعد ازاں سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) آپریشن کوئٹہ محمد جواد طارق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچلاک مسجد دھماکے میں دہشت گردی کے شواہد نہیں ملے، کچلاک مسجد کے ہجرے میں ہونے والا دھماکا گیس لیکج کا تھا۔
ایس ایس پی آپریشنز نے مزید بتایا کہ افطار کے بعد چائے بناتے ہوئے گیس لیکج کا دھماکا ہوا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں۔
چمن میں فائرنگ، ایک سیکیورٹی اہل کار جاں بحق، دوسرا زخمی
دوسری جانب بلوچستان کے شہر چمن میں کلی فیضو میں موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایک سیکیورٹی اہل کار جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
شہید اہلکار کی شناخت عبدالرحمٰن مروت جب کہ زخمی اہلکار کی شناخت عبدالناصر کے نام سے ہوئی ہے۔
سییکورٹی اہلکاروں پر حملہ کرنے والے موٹر سائیکل پر سوار تھے، زخمی اہل کار کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
لیویز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔