کراچی: گلشن معمار میں 4 سالہ بچے کی حاضر دماغی نے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی
واقعے کے بعد سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس مغربی حفیظ بگٹی گلشن معمار پہنچے اور بہادری کا مظاہرہ کرنے والے بچے کی حوصلہ افزائی کی۔
کراچی کے علاقے گلشن معمار میں 4 سالہ بچے حسنین نے بہادری اور حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے اپنے گھر میں ڈکیتی کی کوشش کو ناکام بنادیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ڈکیت کمسن حسنین کے گھر داخل ہوئے، اس کی والدہ اور اس کے ہاتھ رسیوں سے باندھ دیے اور لوٹ مار شروع کردی، تاہم حسنین نے رسیوں سے بندھے ہاتھ دانتوں سے کھول کر یر غمال بنے اپنے اہل خانہ کی مدد کی، حسنین کی والدہ نے پولیس کو کال کر کے ڈکیتی کی اطلاع دی۔
اہل خانہ کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مکان کو گھیرے میں لے لیا، ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھ کر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو مارا گیا، دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ تیسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
واقعے کے بعد سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس مغربی حفیظ بگٹی گلشن معمار پہنچے اور بہادری کا مظاہرہ کرنے والے بچے کی حوصلہ افزائی کی۔