پاکستان

صدر مملکت نے سینیٹ اجلاس 9 اپریل کو طلب کر لیا

صدر مملکت آصف علی زرداری نے سینیٹ کا اجلاس 9 اپریل کو طلب کر لیا جس میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا الیکشن ہو گا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے سینیٹ کا اجلاس 9 اپریل کو طلب کر لیا جس میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا الیکشن ہو گا۔

ڈان نیوز کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے عیدالفطر سے قبل ہی 9 اپریل کو ایوان بالا سینیٹ کا اجلاس طلب کر لیا۔

آصف زرداری نے آئین کے آرٹیکل 54(۱) کے تحت سینیٹ اجلاس 9 اپریل بروز منگل صبح 9 بجے طلب کرلیا۔

صدر مملکت کی جانب سے طلب کیے گئے سینیٹ اجلاس میں نو منتخب اراکین کی حلف برداری ہو گی۔

اس کے علاوہ اجلاس میں چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن بھی ہو گا۔

یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے یوسف رضا گیلانی کو ایوان بالا سینیٹ کے چیئرمین کے عہدے کے لیے امیدوار نامزد کردیا ہے اور موجودہ صورتحال میں ان کے چیئرمین منتخب ہونے کا قوی امکان ہے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر بھی بیرسٹر علی ظفر کو سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کے عہدے کے لیے نامزد کر چکے ہیں۔

صدر مملکت نے سینیٹ کا اجلاس ایک ایسے موقع پر طلب کیا ہے جب خیبر پختونخوا اسمبلی میں سینیٹ انتخابات الیکشن کمیشن نے ملتوی کردیے تھے۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کے الیکشن کے بغیر سینیٹ چیئرمین کے انتخاب سے ایک نیا تنازع بھی کھڑا ہو سکتا ہے۔

گزشتہ دنوں سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا تھا کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب اس وقت نہیں ہوسکتا جب تک کے پی میں سینیٹ انتخاب نہیں ہوجاتا۔

ان کا کہنا تھا کہ 30 نشستوں کو نظرانداز کرکے سینیٹ کا انتخاب کرانا آئین کی خلاف ورزی ہے، جب تک صوبائی اسمبلی میں ان ارکان کا حلف نہیں ہوتا تب تک الیکشن کمیشن سینیٹ کاالیکشن مؤخر رکھے گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ تین صوبوں میں الیکٹورل کالج تو مکمل ہورہاہے لیکن کے پی میں الیکٹورل کالج کا مسئلہ ہے۔