پاکستان

خضدار میں بم دھماکا، 2 افراد جاں بحق، 5 زخمی

دھماکاخیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا، دھماکا عمرفاروق چوک کےقریب مصروف بازار میں ہوا، پولیس

بلوچستان کے ضلع خضدار میں عمرفاروق چوک قریب بم دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ بم موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا، دھماکا مصروف مارکیٹ عمرفاروق چوک کے قریب ہوا۔

پولیس نے بتایا کہ عمرفاروق چوک کےقریب ہونے والے بم دھماکے میں 2 افرادجاں بحق ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق بم دھماکے میں 5 افراد زخمی بھی ہوئے، دھماکا عمر فاروق چوک کےقریب مصروف بازار میں ہوا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

واضح رہے کہ 30 مارچ کو بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 14 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

پولیس ذرائع نے کہا تھا کہ نجی گیس کمپنی کی گاڑی مزدوروں کو لے کر جارہی تھی اس دوران سڑک کنارے نصب بم پھٹ گیا، دھماکے کے نتیجے میں گاڑی بھی تباہ ہوگئی۔

اس سے قبل 26 مارچ کو صوبہ بلوچستان کے ضلع نوشکی میں حساس اداروں کے دفاتر کے قریب دستی بم کا دھماکا ہوا تھا تاہم اس میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

یاد رہے کہ 26 مارچ کو ہی خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں بشام کے مقام پر گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

دہشت گردی میں اضافہ

واضح رہے کہ 2022 میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ جنگ بندی کا معاہدہ ختم کیے جانے کے بعد سے پاکستان میں دہشت گردی میں اضافہ دیکھا گیا ہے ملک میں 2 سال کے دوران دہشت گردی کے 1560 واقعات ہوئے۔

جنوری میں وزارت داخلہ نے مئی 2022 سے اگست 2023 تک ملک میں دہشت گردی کے ہونے والے واقعات کی تحریری تفصیلات سینیٹ میں پیش کیں جن کے مطابق ملک میں 2 سال کے دوران دہشت گردی کے 1560 واقعات ہوئے، اس دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعلق رکھنے والے 593 اور 263 شہری شہید ہوئے۔

مزید بتایا گیا کہ دہشت گردی کے واقعات میں سیکیورٹی فورسز کے 1365 اہلکار اور 773 دیگر افراد زخمی ہوئے۔

وزارت داخلہ کی جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق سال 2022 میں دہشت گردی کے 736 واقعات ہوئے، جس کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کے 227 اہلکار اور 97 دیگر شہید ہوئے، جبکہ 520 اہلکاروں کے علاوہ 401 دیگر افراد زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق یکم اگست 2023 میں ملک میں دہشت گردی کے 824 واقعات ہوئے، جس میں سیکیورٹی فورسز کے 366 اہلکار اور 166 دیگر افراد شہید ہوئے، جبکہ 845 اہلکار اور 372 دیگر افراد زخمی ہوئے۔

اعلیٰ عدلیہ کے ججز کو دھمکی آمیز خطوط ملنے کا معاملہ، تفتیشی رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال

کاکول فٹنس کیمپ کا اختتام، بابر سمیت دیگر کرکٹرز کا تجربہ کیسا رہا؟

جنسی چھیڑ خانی کے مناظر کی شوٹنگ پر مادھوری ڈکشٹ رو پڑی تھیں، رنجیت