کراچی ایئرپورٹ کے رن وے بندش کی خبریں درست نہیں، سی اے اے
رن وے 25ایل/آر 07 پر معمول کی دیکھ بھال کا کام 3 مئی تک مختلف اوقات میں کیا جائے گا، ترجمان پاکستان سول ایویشن اتھارٹی
:پاکستان سول ایویشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ترجمان نے کہا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ رن وے 25ایل/آر07 کی مکمل بندش کی خبریں درست نہیں ہیں جب کہ معمول کی دیکھ بھال کا کام کیا جا رہا ہے۔
ترجمان کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ کراچی ایئرپورٹ رن وے 25ایل/آر 07 پر معمول کی دیکھ بھال کا کام ہوگا، رن وے کی مستقل مکمل بندش کے حوالے سے چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، رن وے پر سے ربڑ ہٹانے کا کام 3 مئی تک مختلف اوقات میں کیا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ مرمتی کام کے دوران مخصوص لوڈ یا اس سے کم کے حامل ائرکرافٹس کے لیے متبادل رن وے کو استعمال کیا جاسکے گا۔
ترجمان نے کہا کہ نوٹم میں درج مینٹننس کے اوقات کوآرڈینیٹڈ یونیورسل ٹائم زون اوقات ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان کا معیاری وقت کوآرڈینیٹڈ یونیورسل ٹائم سے پانچ گھنٹے آگے ہے۔