پاکستان

جنوبی وزیرستان: پولیو ورکرز کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار شہید

پولیو ٹیم پہاڑی منرا گاؤں کا دورہ کر رہی تھی جب مشتبہ عسکریت پسندوں نے کانسٹیبل کو گھیر لیا۔

صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں پولیو مانیٹرنگ ٹیم کی حفاظت پر مامور ایک پولیس کانسٹیبل مسلح شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہو گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جنوبی وزیرستان کی تحصیل برمل کے علاقے مانرہ میں مسلح شخص نے پولیس کانسٹیبل رحیم اللہ محسود پر حملہ کیا۔

تھانہ رغزئی کے ایس ایچ او ذبیح اللہ وزیر نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اہلکار پوسٹ امیونائزیشن مہم سرویئرز کی ٹیم کے ساتھ ڈیوٹی پر تھے۔

پولیو عملے نے ڈان سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ پولیو مہم ماہِ رمضان سے پہلے ختم ہو گئی تھی اور مہم کے بعد جائزہ لے رہے تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ پولیو ٹیم پہاڑی منرا گاؤں کا دورہ کر رہی تھی جب مشتبہ عسکریت پسندوں نے کانسٹیبل کو گھیر لیا اور اسے اپنا سرکاری ہتھیار حوالے کرنے کو کہا۔

تاہم کانسٹیبل محسود نے یہ کہتے ہوئے ہتھیار عسکریت پسندوں کے حوالے کرنے سے انکار کردیا کہ کہ وہ کبھی نہیں چاہیں گے کہ لوگ انہیں ایک بزدل کے طور پر یاد رکھیں، اہلکار نے جوابی حملہ کیا تو عسکریت پسندوں نے گولیاں چلا دیں۔

پولیس کے مطابق فائرنگ سے پولیو مانیٹرنگ کا عملہ محفوظ رہا۔

حکام نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس کا ایک دستہ علاقے میں پہنچ گیا، انہوں نے مزید کہا کہ علاقے کو گھیرے میں لے لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔