پاکستان

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا، وزرا کو کور ہیڈکوارٹرز میں افطار پر مدعو کیا گیا، بیرسٹر سیف

چند لوگ جھوٹی افواہیں پھیلا کر صوبے میں اپنی سیاست دوبارہ زندہ کرنے کی ناکام کوششیں کررہے ہیں، مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا

حکومت خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کور کمانڈر ہاؤس پشاور میں صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد کیے جانے سے متعلق خبروں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کور کمانڈر ہاوس میں کابینہ کا کوئی اجلاس منعقد نہیں ہوا، کابینہ ممبران کو افطار کی دعوت دی گئی تھی۔

اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ کورکمانڈر ہاوس میں کابینہ کا کوئی اجلاس منعقد نہیں ہوا، الیون کور میں کابینہ ممبران کو افطار دعوت دی گئی جسے اسلامی روایات کے مطابق قبول کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کا اجلاس وزیر اعلی کی زیر صدارت منعقد ہوتا ہے اور وہ ہی کابینہ کا اجلاس بلاسکتا ہے۔

مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ الیون کور میں سیکیورٹی معاملات کے حوالے سے اسپیشلائزڈ بریفنگ روم مختص ہے، اس لیے کابینہ ممبران وہاں گئے، افطاری کے بعد الیون کور میں کابینہ ممبران کو صوبہ میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی پر بریفنگ کے بعد سوال وجوابات کا سیشن بھی ہوا۔

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی صورت حال قابو پانا حکومت اور اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، خیبر پختونخوا میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوج سے فعال رابطوں اور تعاون پر یقین رکھتے ہیں، افغانستان کے ساتھ ہماری طویل بارڈر ہے جہاں سیکورٹی اداروں پر بھاری زمہ داریاں عائد ہوتی ہے۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی سے متعلق اجلاس میں وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے خطاب بھی کیا، اپنے خطاب میں وزیر اعلی نے خیبرپختونخوا کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور حکومتی اقدامات پر بات کی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ ملکر آگے بڑھیں گے، چند لوگ جھوٹی افواہیں پھیلا کر صوبے میں اپنی سیاست دوبارہ زندہ کرنے کی ناکام کوششیں کررہے ہیں۔

حاملہ کہنے والے کو عائشہ عمر کا کرارا جواب، مداحوں کے دل جیت لیے

پی سی بی کی ڈائریکٹر میڈیا اینڈ کمیونی کیشن عالیہ رشید عہدے سے مستعفی

غزہ میں امدادی رضاکاروں کی ہلاکت، اسرائیلی تحقیقات میں فوج کی سنگین غلطیوں کا اعتراف