وزیر داخلہ کی برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات، کرکٹ سیریز سمیت دوطرفہ سکیورٹی تعاون پر گفتگو
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی ہائی کمشنرجین میریٹ نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ سیریز سمیت دوطرفہ سکیورٹی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے برطانوی ہائی کمشنر کا وزارت داخلہ آمد پر خیرمقدم کیا اور ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے کامیاب انعقاد پر محسن نقوی کو مبارکباد دی۔
ہائی کمشنر جین میریٹ نے محسن نقوی کو بلامقابلہ سینٹر منتخب ہونے پران کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی کی پی سی بی اور وزارت داخلہ میں کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتی ہوں۔
ہائی کمشنر نے کہا کہ انہوں نے پی ایس ایل کے میچ دیکھ کر بہت لطف اندوز ہوئیں اور توقع ظاہر کی کہ پاکستان اور انگلینڈ کے میچوں سے شائقین کرکٹ محظوظ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ، پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیتا چاہتا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تاریخی تعلقات کی اہمیت اپنی جگہ مسلمہ ہے اور پاکستان مختلف شعبوں میں برطانیہ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹی20 سیریز دونوں ٹیموں کی ورلڈکپ تیاری میں معاون ثابت ہوگی۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا دونوں ملکوں کی ترقی میں خصوصی کردار قابل تعریف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کے فروغ کے لیے وفود کے تبادلے ضروری ہیں اور پاکستان میں بسنے والے تمام شہریوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی اور دہشت گردی ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینا وقت کی ضرورت ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں نے اس جنگ میں شجاعت اور بہادری کی داستان رقم کی ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر سے گفتگو میں وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اس موقع پر وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا، برطانوی ہائی کمیشن کے حکام اور وزارت داخلہ کے متعلقہ افسران بھی پر موجود تھے۔