عالمی برادری ظلم و جبر روکنے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی برادری اسرائیلی ظلم و جبر روکنے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالے۔
ڈان نیوز کے مطابق عالمی یوم القدس اور جمعۃ الوداع پر پیغام جاری کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پوری قوم صیہونی جارحیت اور ظلم و جبر کی مذمت کرتی ہے، ہم نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل 7 دہائیوں سےفلسطین، بیت المقدس پر غیرقانونی طور پر قابض ہے، اسرائیل بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے، اسرائیلی مظالم پر عالمی برادری خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اسرائیل گزشتہ برس اکتوبر سے فلسطینیوں پر ظلم و جبرکے پہاڑ توڑ رہا ہے، اب تک 17ہزار بچوں سمیت 32 ہزار فلسطینی شہید جبکہ 70 ہزار زخمی ہوچکے ہیں۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے بتایا کہ ہسپتالوں، پناہ گزین کیمپوں اور اسکولوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا گیا اور فلسطینیوں تک امدادی اشیا کی رسائی کو روکا گیا، پاکستان 1967 سے پہلے کی آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت جاری رکھےگا، پاکستان فلسیطنی بہن بھائیوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھےگا۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم جمعۃ الوداع کے موقع پر پاکستان میں امن و خوشحالی کے لیے دعا کرے۔