کھیل

بابر کے بعد اب شاہین کو جس طرح کپتانی سے ہٹایا گیا وہ غلط تھا، مصباح

جس طریقے سے کپتانی تبدیل ہوتی ہے وہ کھلاڑیوں کے لیے بڑی ناگوار چیز ہے، اس کا اثر کھلاڑیوں اور ٹیم پر بھی ہوتا ہے، سابق کوچ

قومی ٹیم کے سابق کوچ اور کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ بابر اعظم کو جس طرح کپتانی سے ہٹایا گیا وہ بھی غلط فیصلہ تھا اور اب شاہین شاہ آفریدی کو کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ بھی غلط ہے۔

مصباح الحق نے کپتانی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس طریقے سے کپتانی تبدیل ہوتی ہے وہ کھلاڑیوں کے لیے بڑی ناگوار چیز ہوتی ہے، اس کا اثر کھلاڑیوں اور ٹیم پر بھی ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کو جس طرح کپتانی سے ہٹایا گیا وہ بھی غلط فیصلہ تھا اور اب شاہین شاہ آفریدی کو کپتانی کا فیصلہ بھی غلط ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر دونوں کھلاڑی مل کر کام کریں گے تو ٹیم کی بہتری ہو گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہین شاہ آفریدی کی جگہ بابر اعظم کو دوبارہ کپتان بنانے کا اعلان کیا تھا۔

قومی ٹیم کے سابق کوچ و کپتان مصباح نے کہا کہ قومی ٹیم کے کوچز کے لیے جو بھی فیصلہ ہو وہ سوچ سمجھ کر کرنا چاہیے اور ہمیں دیکھنا چاہیے کہ ہماری ٹیم کے لیے کونسا کوچ بہترین ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی یا ملکی کوچ وقتی طور پر نہیں ہونا چاہیے اور اگر آپ کو لگے کہ کوئی فرد آپ کی ٹیم کو آگے لے کر چل سکتا ہے تو غیر ملکی یا ملکی کوچ رکھ لیں۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم کے لیے غیرملکی کوچ لانے کی تیاری کی جا رہی ہے اور ذرائع کے مطابق گیری کرسٹن کو ہیڈ کوچ اور جیسن گلیسپی کو باؤلنگ لانے کے لیے معاملات طے پا چکے ہیں۔