وسائل کے حساب سے بچے بھی زیادہ ہونے چاہئیں، یاسر حسین
اداکار و ٹی وی میزبان یاسر حسین کا کہنا ہے کہ زیادہ بچے ہونے میں کوئی غلط بات نہیں، لوگوں کے جتنے وسائل ہیں، اس حساب سے ان کے بچے بھی ہونے چاہئیے۔
یاسر حسین نے حال ہی میں ایک ٹی وی شو میں شرکت کی، جہاں ان کے ہمراہ اداکارہ فاطمہ آفندی نے بھی شرکت کی۔
اداکارہ فاطمہ آفندی نے بتایا کہ ان کے دو بچے ہیں اور فوری طور پر ان کا مزید کوئی ارادہ نہیں لیکن کچھ عرصے بعد اس پر سوچا جائے گا۔
پروگرام میں موجود اداکار اعجاز اسلم نے بچوں کی بات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بچے دو ہی اچھے ہوتے ہیں لیکن یاسر حسین نے رائے دی کہ بچے زیادہ ہونے چاہئیے۔
یاسر حسین نے واضح کیا کہ بچے زیادہ ہونے چاہئیے اور ساتھ ہی کہا کہ جس حساب سے لوگوں کے وسائل ہیں، اس حساب سے بچے بھی زیادہ ہونا چاہئیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ دیکھا جائے کہ پاکستان میں جتنی بھی بڑی اداکارائیں ہیں، انہیں مقبولیت اور شہرت بچوں کی پیدائش کے بعد ملی اور بچوں سے کسی کے کام میں کوئی فرق نہیں پڑتا، جس میں ٹیلنٹ ہوگا، وہ کام کرتا رہے گا۔
انہوں نے مثال دی کہ عائزہ خان، ماہرہ خان اور یہاں تک میڈم ملکہ نورجہاں کو بھی بچوں کی پیدائش کے بعد شہرت ملی اور تمام بڑی اداکارائیں ہیں۔
اداکار نے بات کو جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ لیکن زیادہ بچوں کا فیصلہ ماں کو کرنا چاہئیے، کیوں کہ انہیں ہی مشکلات کا سامنا کرنا ہوتا ہے۔
جب نادیہ خان نے ان سے پوچھا کہ پھر ان کے بیٹے کبیر ابھی تک اکیلے کیوں ہیں؟ اس پر یاسر حسین نے مسکراتے ہوئے کہا کہ کبیر کو تھوڑا بڑا تو ہونے دیں۔
اداکار نے کہا کہ کبیر کو تین سال کا ہونے دیں اور پھر وہ ڈاکٹرز کی باتوں پر بھی عمل کر رہے ہیں۔
یاسر حسین نے کہا کہ ہر بچے کی پیدائش کے درمیان کم سے کم تین سال کا وقفہ ہونا چاہئیے لیکن زیادہ بچے ہونے چاہئیے اور جس شخص کے زیادہ وسائل ہیں، اس کے بچے بھی زیادہ ہونے چاہئیے۔
یاسر حسین پہلے بھی زیادہ بچوں کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں۔
یاسر حسین اور اقرا عزیز کے ہاں جولائی 2021 می پہلے بیٹے کبیر حسین کی پیدائش ہوئی تھی اور رواں برس تین سال کے ہوجائیں گے۔
یاسر حسین اور اقرا عزیز نے دسمبر 2018 میں شادی کی تھی اور دونوں کا شمار مقبول جوڑیوں میں ہوتا ہے۔