کراچی فش ہاربر اتھارٹی میں کروڑوں روپے کی کرپشن کا انکشاف
محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات نے چیف سیکریٹری سندھ کو اعلیٰ سطح کی تحقیقات کی سفارش کردی ہے۔
کراچی فش ہاربر اتھارٹی میں کروڑوں روپے کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔ محکمہ منصوبہ بندی وترقیات نے چیف سیکریٹری کو اعلیٰ سطح کی تحقیقات کی سفارش کردی۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق دستاویزات میں کہا گیاکہ فش ہاربر کو ترقی دینے کے لیے ٹھیکیدار کو 34 کروڑ 99 لاکھ روپے ایڈوانس ادا کیے گئے۔ ٹھیکیدار نے 57 کروڑ 78 لاکھ روپے کے واجبات بھی نکال دیے۔
دستاویز کے مطابق بجلی کا ٹھیکہ 28 کروڑ 99 لاکھ میں منظور ہوا لیکن ورک آرڈر 71 کروڑ کا جاری کیاگیا، نظرثانی کے بعد ٹھیکے کی رقم 72 کروڑ 89 لاکھ کردی جو پریکیورمنٹ رولز کے خلاف ہے۔
دستاویز میں کہا گیا کہ ایک ورک آرڈر کے بعد 6 کروڑ 19 لاکھ کا دوسرا ورک آرڈر بھی جاری کیا گیا۔
مبینہ کرپشن کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات نے چیف سیکریٹری سندھ کو اعلیٰ سطح کی تحقیقات کی سفارش کردی ہے۔