پاکستان

پاک چین تجارتی شاہراہ خنجراب پاس 4 ماہ کی بندش کے بعد کھل گیا

بارڈر کھلنے کے بعد چین سے پاکستان تک بذریعہ سڑک تجارت کا آغاز ہوگیا ہے۔

پاک چین تجارتی شاہراہ خنجراب پاس 4 ماہ کی بندش کے بعد آج سے دوبارہ کھل گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق بارڈر کھلنے کے بعد چین سے پاکستان تک بذریعہ سڑک تجارت کا آغاز ہوگیا، پہلے روز 15 کنٹینرز تجارتی سامان لے کر چین سے پاکستان آئے ہیں۔

خنجراب پاس پر بارڈر کھلنے کے حوالے سے شاندار تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا، چیف ایگزیکٹو افسر اے جے انٹرنیشنل کارگو چائینہ ٹو پاکستان خرم ظفر نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی، اس موقع پر گلگت بلتستان سمیت ملک بھر سے بزنس کمیونٹی کی بڑی تعداد موجود تھی۔

چین سے آنے والے کنٹینرز کا سامان لاہور، راولپنڈی اور کراچی سمیت دیگر شہروں میں روانہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 12 نومبر 2023 کو چینی حکومت نے خنجراب پاس کو سردیوں میں 4 ماہ کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ، اس سے تقریباً ایک ماہ قبل یہ راستہ سال بھر کھلا رکھنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق چین کے علاقے سنکیانگ کی خنجراب پورٹ انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق خنجراب پاس دسمبر سے مارچ تک بند رہے گا۔

نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ پورٹ کے داخلی و خارجی انتظامی اقدامات کے تحت دونوں ممالک کے سفارتی ذرائع کو خنجراب پاس سال بھر کھلا رکھنے کے لیے سرحدی بندرگاہوں اور انتظامی معاہدے میں ترمیم کرنی ہوگی اور اس پر دستخط کرنے ہوں گے۔

کسی خاص ضرورت کی صورت میں سنکیانگ کی خنجراب پورٹ کی انتظامیہ عارضی طور پر خنجراب پاس کو کھولنے کے لیے درخواست دے گی۔

پشاور ہائیکورٹ: مخصوص نشستوں پر حلف کو سینیٹ انتخابات سے مشروط کرنے کے حکم کےخلاف سماعت

چینی شہریوں پر حملے کے واقعات میں اضافہ کیوں ہورہا ہے؟

دہشتگرد حملے میں ہلاک 5 چینی باشندوں کی میتیں چین پہنچادی گئیں