تحریک انصاف کا سندھ سے سینیٹ الیکشن میں حصہ نہ لینے کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف نے سندھ سے سینیٹ الیکشن میں حصہ نہ لینے کا اعلان کردیا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف سندھ کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سینیٹ کا الیکشن چوری سے جیتا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ سے پی ٹی آئی کے 6 امیدوار سینیٹ الیکشن میں میدان تھے تاہم اب وہ انتخابات میں حصہ نہیں لے رہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اسمبلی میں اس وقت فارم پینتالیس والے ارکان نہیں ہیں، 8 فروری پر یقین ہے لیکن 9 فروری پر یقین نہیں ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے انعقاد کے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور 2 اپریل کو 28 نشستوں پر 59 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کمیشن نے سینیٹ کی 48 خالی نشستوں پر انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن پروگرام کا نوٹی فکیشن 14 مارچ 2024 کو جاری کیا جس کے مطابق سینیٹ کی 29 جنرل، 8 خواتین، 9 ٹیکنوکریٹ/علما اور 2 غیر مسلم کی نشستوں پر انتخاب 2 اپریل 2024 کو ہونا ہے۔
اس انتخاب کے لیے کُل 147 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔ ریٹرننگ افسران نے امیداروں کی حتمی لسٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق 18 امیدواران بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں جس میں پنجاب کی 7 جنرل نشستوں، اسی طرح بلوچستان کی 7 جنرل نشستوں، 2 خواتین اور 2 ٹیکنوکریٹ/علما کی نشستیں شامل ہیں۔ 2 اپریل 2024 کو سینٹ کی 30 نشستوں پر انتخاب ہوگا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک جنرل، ایک ٹیکنوکریٹ، پنجاب کی 2 خواتین، 2 ٹیکنوکریٹ/علما، ایک غیر مسلم، سندھ کی 7 جنرل، 2 خواتین، 2 ٹیکنوکریٹ/علما، ایک غیر مسلم، جبکہ خیبر پختو نخوا کی 7 جنرل، 2 خواتین اور 2 ٹیکنوکریٹ کی نشستیں شامل ہیں اور ان پر 59 امیدواران مدمقابل ہیں۔
الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے انعقاد کے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں جبکہ بیلٹ پیپرز کی طباعت اور ریٹرنگ افسران کو الیکشن مواد کی ترسیل کا کام بھی مکمل ہو گیا ہے۔