وزیراعظم شہبازشریف کی روسی سفیر سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار
وزیراعظم شہباز شریف کی روسی سفیر البرٹ خوریف سے ملاقات ہوئی، اس موقع پر پاکستان نے روس کے ساتھ توانائی، تجارت، سرمایہ کاری اور دو طرفہ تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے روسی صدر کو دورے کی دعوت دے دی۔
ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد میں روسی سفیر اور وزیراعظم شہباز کی ملاقات کے دوران اسحٰق ڈار سمیت دیگر وفاقی وزرا بھی موجود تھے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے روسی سفیر سے ماسکو حملے پر افسوس کا اظہار کیا، دونوں ممالک کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ متعدد شعبوں بالخصوص توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری میں دوطرفہ تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔
وزیر اعظم نے روسی سفیر سے کہا کہ وہ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کی موجودہ سطح کو بڑھانے کے لیے اپنا وفد پاکستان بھیجے جبکہ روسی سفیر نے بھی وزیراعظم کو یقین دلایا کہ روس پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کرنا چاہتا ہے۔
روسی سفیر نے کہا کہ وہ توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری کے علاوہ تعلیم اور ثقافت میں بھی تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔