پاکستان

خیبرپختونخوا: مختلف اضلاع میں بارش کے باعث حادثات، 7 افراد جاں بحق

چھتیں گرنے کے واقعات پشاور، نوشہرہ، شانگلہ، بنوں اور باجوڑ میں پیش آئے، ترجمان ریسکیو 1122

خیبرپختونخوا میں موسلادھار بارشوں کے سبب مختلف اضلاع میں حادثات سے7 افراد جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہو گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق بنوں کے علاقہ معاویہ گاؤں میں بارش کے باعث دیوار گرگئی، جس کے نتیجے میں 3 بچے جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

پولیس نے بتایا کہ جاں بحق اور زخمی بچوں کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا، بچوں کی عمریں 6 سے لے کر 9 سال کے درمیان ہیں۔

ریسکیو 1122 کے مطابق باجوڑ میں گزشتہ رات خڑیان میں مکان کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں ماں بیٹی جاں بحق، خاوند اور ایک بیٹا شدید زخمی ہو گیا۔

ایبٹ آباد میں گزشتہ رات ہونے والی طوفانی ہواؤں اور بارش سے بجلی کے پول سڑک پر آگرے، شدید بارشوں کے باعث قراقرم ہائی وے اور ہزارہ موٹروے حویلیاں سے قلندرآباد تک بند کردی گئی۔

ریسکیو 1122 نے بتایا کہ صوبہ بھر میں مختلف حادثات میں7 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوئے ہیں، مزید کہنا تھا کہ چھتیں گرنے کے واقعات پشاور، نوشہرہ، شانگلہ، بنوں اور باجوڑ میں پیش آئے۔

ترجمان ریسکیو 1122 کا کہنا تھا کہ مختلف اضلاع میں کچی چھتیں و دیواریں گرنے سے جزوی نقصانات بھی ہوئے ہیں۔

مزید بارش کی پیشگوئی

دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹے کے دوران صوبے بھر میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے، مزید بتایا کہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ہونے والی بارش کے اعداد و شمار بھی جاری کردیے، جس کے مطابق سب سے زیادہ بارش دیر میں 64 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

اس کے علاوہ مالم جبہ میں 55، پشاور میں 48 ملی میٹر، تخت بھائی میں 33 ملی میٹر، کالام میں 32 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ چراٹ میں 56، پاراچنار میں 27 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کالام میں 5 انچ تک برفباری بھی ہوئی۔

بھارتی جیل میں مسلمان سیاستدان کی موت پر اہل خانہ غم سے نڈھال، زہر دینے کا دعویٰ

میدان میں کوہلی سے ملنے والے مداح پر سیکیورٹی گارڈز کا تشدد، ویڈیو وائرل

پی آئی اے کی نجکاری میں حائل آخری رکاوٹیں بھی ختم