لائف اسٹائل

نوازالدین صدیقی اور اہلیہ عالیہ نے بچوں کی خاطر صلح کرلی

اداکار اور ان کی اہلیہ کے درمیان 2018 میں بھی اختلافات ہوگئے تھے اور عالیہ صدیقی نے خلع کے لیے عدالت سے رجوع تک کرلیا تھا۔

نوازالدین صدیقی اور اہلیہ عالیہ صدیقی نے اپنے بچوں کی خاطر ایک بار پھر صلح کرتے ہوئے ایک دوسرے کے درمیان غلط فہمی بھلا کر زندگی میں آگے بڑھنے پر اتفاق کرلیا۔

تین روز قبل عالیہ صدیقی نے شادی کی 14 ویں سالگرہ پر انسٹاگرام پر اپنے شوہر نوازالدین صدیقی اور بچوں کے ہمراہ تصویر شئیر کرکے مداحوں کو حیران کردیا تھا جس کے بعد قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ دونوں کے درمیان صلح ہوگئی ہے۔

تاہم اب بھارت میڈیا انڈیا ٹوڈے اور ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق عالیہ صدیقی نے مقامی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے اور نوازالدین صدیقی نے بچوں کی خاطر صلح کرلی ہے۔

عالیہ صدیقی نے کہا کہ ’حالیہ دنوں میں میری زندگی میں کچھ چیزیں بدلی ہیں، میں نے محسوس کیا کہ جب ہم دنیا کے ساتھ بری چیزیں شیئر کرتے ہیں تو ہمیں اچھی چیزوں کو بھی شیئر کرنا چاہیے، نواز بھی یہاں موجود تھے، لہذا ہم نے بچوں کے ساتھ سالگرہ منائی۔‘

انٹرویو کے دوران عالیہ نے کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ ہمیں اپنے رشتے میں جو مسئلہ درپیش تھا وہ ہمیشہ کسی تیسرے شخص کی وجہ سے تھا لیکن اب یہ غلط فہمی ہماری زندگی سے ختم ہوگئی ہے، ہم نے اپنے بچوں کی خاطر صلح کرلی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ زندگی میں اب الگ رہنے کا کوئی آپشن نہیں ہے، کیونکہ بچے بھی بڑے ہو رہے ہیں، اس کے علاوہ نوازالدین شوریٰ کے بہت قریب ہے اور جو کچھ بھی ہوا اس کے بعد وہ بہت پریشان تھی، وہ اسے برداشت نہیں کر سکتی تھی، اس لیے ہم نے فیصلہ کیا، ہم مزید نہیں لڑیں گے اور سکون سے مل جل کر رہیں گے۔’

نوازالدین صدیقی اور عالیہ صدیقی کے درمیان کچھ عرصہ قبل تنازعات اور الزام تراشی کی خبریں گردش ہوئی تھیں، عالیہ صدیقی آئے روز اپنے شوہر پر سنگین قسم کے الزامات لگاتی رہی ہیں جس کی وجہ سے میڈیا پر دونوں کے درمیان تنازعات کی خبریں گردش کرتی رہی ہیں۔

عالیہ نے اس سے قبل نواز پر اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرنے کا الزام لگایا تھا اور طلاق کی درخواست بھی دائر کی تھی۔

نوازالدین صدیقی اور عالیہ کے درمیان جھگڑا کب شروع ہوا؟

نواز الدین صدیقی اور عالیہ صدیقی نے 2010 میں شادی کی تھی اور انہیں دو بیٹے شوریٰ اور یانی ہیں، جس میں شوریٰ کی پیدائش 2014 اور 2015 کے درمیان ہوئی، دونوں کے درمیان اختلافات شادی کے بعد ہی شروع ہوگئے تھے۔

تاہم 2018 میں اختلافات مزید بڑھ گئے تھے اور عالیہ صدیقی نے خلع کے لیے عدالت سے رجوع تک کرلیا تھا مگر بعد ازاں دونوں کے درمیان صلح ہوگئی تھی اور پھر گزشتہ سال دوبارہ معاملات مزید بگڑ گئے تھے۔

عالیہ صدیقی نے اداکار پر ریپ کا الزام لگاتے ہوئے مقدمہ بھی درج کیا تھا، اس کےعلاوہ ان کے وکیل نے اداکار نواز الدین صدیقی پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا تھا کہ نوازالدین صدیقی اپنی اہلیہ کھانا، بستر اور حتیٰ کہ باتھ روم تک استعمال کرنے کی بھی اجازت نہیں دیتے۔

تاہم نواز الدین صدیقی نے اس تمام معاملے پر خاموشی اختیار کررکھی تھی۔

نوازالدین صدیقی پر سابق اہلیہ کے مزید سنگین الزامات

نوازالدین صدیقی بستر اور باتھ روم تک استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیتے، اہلیہ کا الزام

نوازالدین صدیقی پر ان کی بیوی نے ریپ کا مقدمہ درج کروادیا