پاکستان

کراچی: شام 5 بجے سے افطار تک شہریوں کے چالان نہ کرنےکی ہدایت

فیملی کے ہمراہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالان کے بجائے وارننگ دی جائے، بدتمیزی یا جھگڑا کرنے والے اہلکار کیخلاف کارروائی کی جائے گی، ڈی آئی جی ٹریفک

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ٹریفک پولیس نے کراچی میں شام 5 بجے سے افطار تک شہریوں کے چالان نہ کرنے کی ہدایت کردی۔

کراچی ٹریفک پولیس کے افسران کا اجلاس ساؤتھ آڈیٹوریم میں ہوا، اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک پولیس کراچی احمد نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک دباؤ پر قابو پانا اولین ترجیحات میں شامل ہے، ٹریفک اہلکاروں کو اچھا رویہ اپنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شام 5 بجے سے افطار تک کوئی افسر چالان نہیں کرے گا، ٹریفک کو رواں دواں رکھیں گے تاکہ شہری باآسانی روزہ اپنے گھروں میں افطار کر سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی فیملی کے ہمراہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس کو چالان کے بجائے وارننگ دی جائے، ون وے کی خلاف ورزی پر فوکس کریں۔

ڈی آئی جی نے کہا کہ ٹرننگ کے پاس گاڑیوں، رکشوں اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ نہیں ہونے دیں گےچالان کرنے والے افسر باڈی وارن کیمرے کے بغیر چالان نہیں کریں گے، افسران و اہلکار اکٹھے کھڑے نہیں ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ شاہراہ فیصل پر فاسٹ لین کی پابندی کو یقینی بنائیں، موٹر سائیکل سواروں کو بائیں لین میں چلنے کی ہدایت دیں، افسران و اہلکار اگر کسی کے ساتھ بدتمیزی یا جھگڑا کریں گے تو ان کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

فیروز خان اور علیزے سلطان کے درمیان معاملات طے پاگئے، بیٹا باپ اور بیٹی ماں کے حوالے

شاہین آفریدی کی کپتانی خطرے میں پڑگئی، عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان

مراد سعید سینیٹ انتخابات کیلئے اہل قرار، اپیلیٹ ٹریبونل نے اپیل منظور کرلی