پاکستان

گیس کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے تحفظات ہیں، مصدق ملک

پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کے نفاذ کی بات ابھی میرے علم میں نہیں، آئی ایم ایف سب کے لیے لیول پلینگ فیلڈ چاہتا ہے، وزیر پیٹرولیم

وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے تحفظات ہیں جبکہ پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کے نفاذ کی بات ابھی میرے علم میں نہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافےکے حوالے سے تحفظات ہیں، ڈالر کی قیمت کم ہویا زیادہ اضافے کی درخواست آجاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کے نفاذ کی بات ابھی میرے علم میں نہیں، عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سب کے لیے لیول پلینگ فیلڈ چاہتا ہے، آئی ایم ایف کا مؤقف ہے کہ مارکیٹ میں تفریق ختم ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں سب کو لیول پلیئنگ فیلڈ دینےکی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، توانائی شعبے کا گردشی قرض 5 ہزار ارب روپے ہوچکا ہے، گردشی قرضے سے جان چھڑانے کے لیے اصلاحات لانا ہوں گی۔

واضح رہےکہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) گیس 155 فیصد مزید مہنگی کرنے کی سوئی ناردرن کی درخواست پر سماعت کر رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق سوئی ناردرن گیس کمپنی نے 4 ہزار 489 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت تجویز کی ہے، گیس کی قیمت بڑھنے سے بلوں میں اوسطاً 155 فیصد تک مزید اضافہ ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے ایک سال میں گیس کی قیمت میں 600 فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے۔