پاکستان

9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں عمر ایوب کی ضمانت منظور

ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت اے ٹی سی کے جج اعجاز آصف نے کی۔

راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں رہنما پاکستان تحویک انصاف عمر ایوب اور سیمابیہ طاہر کی 14 مقدمات میں ضمانتیں منظور کرلی ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق دونوں ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت اے ٹی سی کے جج اعجاز آصف نے کی۔

یاد رہے کہ 18 مارچ کو لاہور کی انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت نے رہنما پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب کی 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے 5 مقدمات میں 20 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔

اس سے قبل 15 مارچ کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو احتجاج اور توڑ پھوڑ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمرایوب کی عبوری ضمانت میں 16 اپریل تک توسیع کردی تھی۔

یاد رہے کہ 12 مارچ کو راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور حساس مقامات پر حملوں کے مقدمات میں نامزد قائد حزب اختلاف عمر ایوب کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی تھی۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے 25 مارچ کو مقدمات کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا تھا۔

قبل ازیں 17 فروری 2024 کو پشاور ہائی کورٹ نے 9 مئی واقعات کے حوالے سے ان کے خلاف ملک بھر میں درج 2 درجن کیسز میں عمر ایوب کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی تھی۔

#پسِ منظر

یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

صارفین کی مشکلات، کمپنیز کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے گیس کی قیمتوں کا فیصلہ کریں گے، اوگرا

صارفین کی مشکلات، کمپنیز کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے گیس کی قیمتوں کا فیصلہ کریں گے، اوگرا

مراد سعید سینیٹ انتخابات کیلئے اہل قرار، اپیلیٹ ٹریبونل نے اپیل منظور کرلی