پاکستان

حکومت پنجاب کا ’ایسٹر‘ پر 10 ہزار مسیحی خاندانوں کی کفالت کا فیصلہ

وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبے کے 36 اضلاع کے 10 ہزار مسیحی خاندانوں کو پانچ ہزار فی کس دینے کی منظوری دی۔

حکومت پنجاب نے مسیحیوں کے مذہبی تہوار ’ایسٹر‘ پر 10 ہزار مسیحی خاندانوں کی کفالت کا فیصلہ کر لیا جبکہ مسیحی خاندانوں کو ایسٹر کے لیے 5 کروڑ روپے کی گرانٹ بھی جاری کردی۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو شفاف انداز میں ایسٹر گرانٹ کی تقسیم کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی اور پنجاب کے 36 اضلاع کے 10 ہزار مسیحی خاندانوں کو پانچ ہزار فی کس دینے کی منظوری دی۔

انہوں نے مستحق مسیحی خاندانوں، معذور افراد، بیمار اور یتیم افراد کو گرانٹ کی تقسیم چار روز میں مکمل کرنے کی ہدایت کی اور چیف کوآرڈینیٹر اقلیتی ونگ پنجاب راحیلہ خادم حسین کو ایسٹر گرانٹ کی تقسیم کے لیے فوکل پرسن نامزد کردیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے مسلم لیگ (ن) کے اقلیتی ونگ پنجاب کو ایسٹر گرانٹ کی تقسیم کی مانیٹرنگ کی ہدایت کردی۔