سیکیورٹی فورسز کا پنجاب، سندھ میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن، ایک ڈاکو ہلاک، 3 زخمی
سیکیورٹی فورسز نے پنجاب کے ضلع راجن پور اور سندھ کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف بڑا آپریشن کیا جس میں ایک ڈاکو ہلاک، 3 زخمی ہوگئے جب کہ 21 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) راجن پور کے مطابق کچے میں پولیس نے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کیا جس کے بعد ڈاکوؤں کے 2 گروہ فرار ہوگئے۔
پولیس نے ڈاکوؤں کی کمین گاہوں کو آگ لگا دی، جب کہ فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔
آپریشن کے دوران ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا ہے، پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ 5 گھنٹے جاری رہا جب کہ فرار ڈاکوؤں کا تعاقب جاری ہے۔
دوسری جانب سندھ رینجرز اور پولیس نے خفیہ اطلاعات پر مشترکہ کارروائی کندھ کوٹ کی تحصیل تنگوانی کے گاؤں سیفل لارو میں کی اور 21 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار 21 ملزمان قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، اغوا برائے تاوان اور سہولت کاری میں ملوث ہیں، گرفتار ملزمان میں مرکزی سہولت کار امان اللہ، اس کا بیٹا اور مقامی وڈیرہ یار محمد بھی شامل ہیں جنھوں نے بگی گینگ کے سرغنہ اور اس کے اہلِ خانہ کو پناہ دی تھی۔
کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بگی گینگ کی پناہ گاہیں بھی مسمار کی گئیں۔