پاکستان

رنگ روڈ ایکسٹینشن کیس: پرویز الہیٰ کی اہلیہ، راسخ الہٰی، زارا الہٰی کی ضمانت میں توثیق

اینٹی کرپشن عدالت کے جج صفدر حسین بھٹی نے عبوری ضمانتیں 5، 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض کنفرم کیں۔

اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے رنگ روڑ توسیع کی منظوری میں مبینہ بدعنوانیوں کے مقدمے میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی کی اہلیہ قیصرہ الہی، راسخ الہی اور زارا الہی کی ضمانت میں توثیق کر دی۔

ملزمان کی درخواست ضمانت پر اینٹی کرپشن عدالت کے جج صفدر حسین بھٹی نے محفوظ فیصلہ سنایا۔

اس موقع پر قیصرہ الہی، راسخ الہی اور زارا الہی سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

اینٹی کرپشن نے تفتیش میں تمام ملزمان کو قصور وار قرار دیا اور ضمانتیں خارج کرنے کی استدعا کی۔

اینٹی کرپشن عدالت کے جج صفدر حسین بھٹی نے وکلا کے دلائل کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے پرویز الہی کی اہلیہ قیصرہ الہی، راسخ الہی اور زارا الہی کی عبوری ضمانتیں 5، 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض کنفرم کیں۔

واضح رہے کہ ضمانتیں کنفرم یا ضمانت میں توثیق کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ اس کیس میں اب مستقل بنیادوں پر ان کی ضمانت ہو چکی ہے اور انہیں اب اس کیس میں گرفتار نہیں کیا جاسکتا، تاہم پراسیکیوشن اس فیصلے کو چیلنج کر سکتی ہے، جس کے بعد عدالت چاہے تو ضمانت مسترد کرسکتی ہے۔

یاد رہے کہ 16 مارچ کو لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت نے رنگ روڑ منصوبے کی توسیع کی منظوری میں مبینہ بدعنوانی کے مقدمہ میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی کی اہلیہ قیصرہ الہی سمیت دیگر کی ضمانت میں 22 مارچ تک توسیع کردی تھی۔

صدر مملکت کا یوم پاکستان، عید الفطر کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں 90 روز کی کمی کا اعلان

فی تولہ سونا 4200 روپے سستا ہو گیا

سینیٹ انتخابات: صنم جاوید، فیصل جاوید کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی