پاکستان

پنجاب کابینہ کی طلبہ کو 20 ہزار الیکٹرک بائیک فراہمی کی منظوری

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو بائیکس دینے کے لیے الگ اسکیم لانے کا اعلان کردیا۔

پنجاب کابینہ نے طلبہ کو 20 ہزار الیکٹرک بائیک کی فراہمی کے پروجیکٹ کی منظوری دے دی جن کی تقسیم رواں سال مئی سے شروع ہوگی۔

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت کابینہ کا تیسرا اجلاس منعقد ہوا جس میں سال 2023-24کے سالانہ بجٹ اور ضمنی بجٹ گرانٹ کی منظوری کی توثیق کی گئی۔

اجلاس میں لاہور نالج پارک کو پنجاب سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کے سپرد کرنے کی منظوری دی گئی، پاکستان کا سب سے بڑا آئی ٹی سٹی بنانے کے لیے اراضی سی بی ڈی کو منتقل کی جائے گی۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ لاہور میں پاکستان کا پہلا آئی ٹی سٹی بنا رہے ہیں، گوگل، مائیکروسافٹ جیسے ٹیک جائنٹس نے آئی ٹی سٹی میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

مریم نواز نے ایک سال میں آئی ٹی سٹی کے دونوں ٹاورز مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نالج سٹی میں دنیا کے بڑے تعلیمی اداروں کو کیمپس بنانے کے لئے مدعو کیا جائے گا جس میں فلم سٹی بھی ہو گا۔

’طلبہ پر بوجھ کم کرنے کے لیے ڈاؤن پیمنٹ 25 ہزار، ماہانہ قسط 20 ہزار سے کم ہوگی‘

اجلاس میں پنجاب بینک کی طرف سے 20 ہزار الیکٹرک بائیک کی فراہمی کے پروجیکٹ کی منظوری دی گئی۔

وزیر اعلی نے کہا کہ الیکٹرک بائیکس ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کے لیے ضروری ہیں لیکن بیٹری چوری اور کم مائیلج کی وجہ سے فی الحال موزوں نہیں، الیکٹرک بائیک کے ساتھ پیٹرول بائیک بھی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ طلبہ پر بوجھ کم کرنے کے لیے ڈاؤن پیمنٹ کم کر کے 25 ہزار اور ماہانہ قسط بھی پانچ ہزار سے کم ہوگی، رواں سال مئی سے بائیکس کی تقسیم شروع کی جائے گی، امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو بائیکس دینے کے لیے الگ سکیم لائیں گے۔

اجلاس میں عدالت کی ہدایت پر بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے اٹک جیل سے اڈیالہ جیل میں ٹرائل کی منظوری دی گئی، کابینہ نے سی ای او پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کی ڈیپوٹیشن پر تعیناتی میں توسیع کی اصولی منظوری دی۔

کونسل آف کامن انٹرسٹ سیکریٹریٹ میں صوبائی نمائندگی سے متعلق سی سی ای کی سب کمیٹی کے دوسرے اجلاس کی کارروائی کی توسیع کی گئی۔

’بڑے لوگوں کے لیے سب سہولتیں، غریب کے لیے کچھ نہیں‘

کابینہ نے مشترکہ مفادات کونسل سیکرٹریٹ میں حکومت پنجاب کے گریڈ 19کی آسامی کی منظوری دی۔

اجلاس میں پنجاب ایئر ایمولینس پروجیکٹ کا جائزہ لیا گیا، وزیر اعلی نے کہا کہ بڑے لوگوں کے لیے سب سہولتیں ہیں، غریب آدمی کی زندگی بچانے کے لیے کچھ نہیں، اپنے لوگوں کو بروقت علاج کی ہر سہولت دینے چاہتے ہیں، سرگودھا میں ہارٹ ٹیک کے مریضوں کے علاج اور منتقلی کی مناسب سہولتیں نہ ہونا افسوس ناک ہے، دفاتر میں بیٹھ کر لگتا ہے کہ ایئر ایمبولینس کی ضرورت نہیں، مگر اس کی ضرورت ہے، ریسکیو 1122 کو ایمرجنسی میں ایئر ایمبولینس کے لیے 11 سو کالیں موصول ہوئیں۔

’صرف سیاسی فائدے کے لیے فیصلے نہیں کرنے‘

مریم نواز نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں ایئر ایمبولینس کی ضرورت ہے، ایئر ایمبولینس پروجیکٹ کا ٹرائل بنیادوں پر آغاز کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں غریب آدمی کی تکلیف محسوس نہیں ہوتی، کتنے دکھ کی بات ہے کہ سینیٹری ورکرز سیفٹی کٹ نہ ہونے کی وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

مریم نواز نے کہا کہ مجھے ساڑھے 12 کروڑ عوام کو دیکھنا ہے، صرف سیاسی فائدے کے لیے فیصلے نہیں کرنے، کسی کی سفارش کی ہے نہ کروں گی، کسی افسر کو لگانے کے لیے نہیں کہا۔ سرکاری ملازمت میں کرپشن، سیاسی وابستگی اور نا اہلی برداشت نہیں ہو گی۔

کندھ کوٹ: کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ، اسکول ٹیچر جاں بحق

پی ایس ایل کی بہترین ٹیم کا اعلان، شاداب خان کپتان مقرر

نادر علی کی مزاحیہ ویڈیوز نے میری جان بچائی، شیر افضل مروت کا انکشاف