کراچی: ایچ آئی وی کے شکار مریض کی ملیر جیل کے اندر خودکشی
کراچی کی ملیر جیل میں قید ایچ آئی وی ایڈز کا شکار مریض نے خودکشی کر لی۔
ملیر جیل کے سپرنٹنڈنٹ ارشد حسین نے ڈان کو بتایا کہ 22 سالہ عزیر خان جدون کو پولیس نے جنوری میں ریلوے ٹریک چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزم ہیروئن کا عادی تھا اور ایچ آئی وی ایڈز کا شکار تھا اس لیے اسے ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کے لیے مختص وارڈ میں منتقل کر دیا گیا تھا۔
ارشد حسین نے بتایا کہ جیل کے معمول کے مطابق جیل کی دوسری منزل پر واقع ملزم کی بیرک صبح 9 سے 10 بجے کے درمیان کھلی رہتی تھی، اس دوران عذیر جدون نے دوڑ کر بیرک کی راہداری سے چھلانگ لگا دی۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم کو تشویشناک حالت میں جیل کے اندر ہسپتال لے جایا گیا جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔
جیل سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ متعلقہ مجسٹریٹ کو تفتیش کے لیے بلایا گیا لیکن اہلخانہ نے جج اور جیل انتظامیہ کو تحریری طور پر بتایا کہ وہ کوئی قانونی کارروائی نہیں چاہتے اور لاش اپنے ساتھ لے گئے۔
دوسری جانب وزیر جیل خانہ جات علی حسن زرداری نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی جیل خانہ جات کو واقعے کی انکوائری کی ہدایت کردی۔