صدارتی انتخابات میں منتخب نہ ہوا تو خونریزی ہوگی، ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کردیا
بطور ممکنہ ریپبلکن نامزد امیدوار اپنی پوزیشن حاصل کرنے کے چند دن بعد سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تنبیہ دی ہے کہ اگر وہ صدارتی انتخابات میں منتخب نہیں ہوئے تو خون ریزی ہوگی، تاہم یہ واضح نہیں کہ وہ کس بات کا حوالہ دے رہے تھے کیونکہ انہوں نے یہ بیان امریکی آٹو انڈسٹری کو لاحق خطرات سے متعلق تبصروں کے درمیان دیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کو اوہائیو میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نومبر کے صدارتی انتخابات امریکی ہسٹری کی سب سے اہم تاریخ ہو گی، ساتھ ہی انہوں نے وائٹ ہاؤس کے لیے اپنی مہم کو ملک کے لیے ایک اہم موڑ بھی قرار دیا۔
77 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ نے جو بائیڈن کو بدترین صدر قرار دیتے ہوئے ونڈالیا اوہائیو میں ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 نومبر کی تاریخ کو یاد رکھیں، مجھے یقین ہے کہ یہ ہمارے ملک کی سب سے اہم تاریخ ہونے جا رہی ہے۔
میکسیکو میں گاڑیاں بنا کر امریکیوں کو فروخت کرنے کے چینی منصوبے پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر میں منتخب ہو گیا تو وہ ان کاروں کو فروخت کرنے کے قابل نہیں رہیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر میں منتخب نہیں ہوا تو یہ (آٹو انڈسٹری) سب کے لیے خونریز ثابت ہو گا، اور یہ تو کم سے کم ہے، یہ پورے ملک کے لیے خونریز ثابت ہوگا لیکن وہ (چینی) ان گاڑیوں کو فروخت نہیں کرسکیں گے۔
یہ تبصرہ اس وقت سامنے آیا جب ٹرمپ نے یہ دلیل دیتے ہوئے امریکا سے باہر بننے والی کاروں پر سو فیصد ٹیرف کا وعدہ کیا کہ گھریلو آٹو مینوفیکچرنگ کو صرف اس صورت میں تحفظ فراہم کیا جائے گا جب وہ منتخب ہو جائیں گے۔
روایتی طور پر ڈیموکریٹ کو ووٹ دینے والے اقلیتوں سے ملاقات کرتے ہوئے ہفتے کو انہوں نے ایک بار پھر بارڈر کے حوالے سے بات کی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جو بائیڈن نے لاکھوں تارکین وطن کو ورک پرمٹ دے کر بار بار افریقی نژاد امریکی ووٹروں کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے اور متنبہ کیا ہے کہ اس سے افریقی نژاد امریکیوں اور ہسپانوی امریکیوں کو سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑے گا۔