پی آئی اے کی نجکاری حکومت کی ترجیح ہوگی، خواجہ آصف
وفاقی وزیر برائے دفاع، دفاعی پیداوار و ہوابازی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی نجکاری اس حکومت کی ترجیح ہوگی۔
خواجہ آصف کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، میٹنگ میں وفاقی سیکرٹری سیف انجم، چیف ایگزیکٹو افسر پی آئی اے سی ایل ائیر مارشل عامر حیات، ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی خاقان مرتضی، ڈی جی اے ایس ایف میجر جنرل آصف عدنان جاہ، چیرمین پی آئی اے آئی ایل شوکت علی، ڈی جی پی ایم ڈی صاحب زاد خان اور دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں سیکریٹری ایوی ایشن نے قومی ایوی ایشن پالیسی 2023، انڈسٹری کو درپیش چیلنجز ، نشوونما کے مواقع اور دیگر ممالک کے ساتھ فضائی خدمات کے معاہدوں پر بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر کو وزارت کے تحت کام کرنے والے اداروں بشمول پاکستان ایئر لائنز کارپوریشن لمیٹڈ، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی، پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی، بیورو آف ایئر سیفٹی انویسٹی گیشن، ایئر پورٹ سیکیورٹی فورسز اور محکمہ موسمیات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر نے ریمارکس دیئے کہ پی آئی اے سی ایل کی نجکاری اس حکومت کی ترجیح ہوگی،انہوں نے روزویلٹ ہوٹل کے مکس یوز ری ڈیولپمنٹ کے لیے مشترکہ منصوبے کی بھی تعریف کی۔
وفاقی وزیر نے پاکستان کی ایوی ایشن انڈسٹری کو ملک کے جی ڈی پی میں حصہ بڑھانے کے حوالے سے ترقی دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) نے وزیر کو پہلے مرحلے میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کراچی اور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سمیت تین بڑے ایئر پورٹس کی آؤٹ سورسنگ کی ترقی کے بارے میں آگاہ کیا۔