پاکستان

شہباز شریف اور علی امین گنڈاپور کی ملاقات احسن شروعات ہے، صدر مملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے مابین ملاقات کا خیرمقدم کیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے مابین ملاقات کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے احسن شروعات قرار دیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق آصف علی زرداری نے شہباز شریف اور علی امین گنڈاپور کے درمیان ملاقات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مابین ملاقات احسن شروعات ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہی وقت ہے کہ ہم باہمی اختلافات دور کرنے کا سوچیں اور میں ہمیشہ پاکستان کو اولین ترجیح دینے کا حامی رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ہم لوگوں کو امید دلائیں کہ جمہوری عمل کام کر سکتا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات ہوئی تھی جس میں وزیر اعظم نے علی امین گنڈاپور کو صوبے کے واجبات کی ادائیگی کی یقین دہانی کرائی تھی۔

بعدازاں احسن اقبال کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے ملاقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم نے ہمیں مکمل تعاون اور صوبے کی واجب الادا رقم ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہمیں پاکستان کے معاشی حالات معلوم ہیں تو ہم بھی کوئی ایسا مطالبہ نہیں کریں گے جسے پورا کرنا ناممکن ہو۔