کھیل

آئرلینڈ سے میچ، افغان کرکٹرز کی میدان میں روزہ کھولنے کی ویڈیو وائرل

افغانستان اور آئرلینڈ کے درمیان گزشتہ روز ون ڈے میچ کھیلا گیا تھا جس میں افغانستان کی ٹیم کے کھلاڑیوں نے روزہ کر کے میچ میں شرکت کی تھی۔

آئرلینڈ اور افغانستان کے درمیان کھیلے گئے میچ میں افغان کھلاڑیوں کی میدان میں روزہ افطار کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

افغانستان اور آئرلینڈ کے درمیان گزشتہ روز ون ڈے میچ کھیلا گیا تھا جس میں افغانستان کی ٹیم کے کھلاڑیوں نے روزہ کر کے میچ میں شرکت کی تھی۔

میچ میں پہلے بیٹنگ کرنے والی افغانستان کی ٹیم کے 40ویں اوور میں مغرب کا وقت ہو گیا تو اس موقع پر میچ کو کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا اور میدان میں بیٹنگ کرنے والے افغانستان کے کھلاڑیوں محمد نبی اور حمشت اللہ شاہدی نے روزہ افطار کیا۔

اس موقع پر ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے ڈریسنگ روم میں اپنا روزہ کھولا جبکہ اس موقع پر سپورٹ اسٹاف بھی ان کے ہمراہ تھا۔

شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے حشمت اللہ شاہدی اور رحمٰن اللہ گرباز کی نصف سنچریوں کے ساتھ ساتھ محمد نبی کی 48 رنز کی اننگز کی بدولت پہلے کھیلتے ہوئے 9 وکٹوں پر 236 رنز بنائے تھے۔

ہدف کے تعاقب میں محمد نبی کی پانچ اور نگیلیا خروٹے کی پانچ وکٹوں کے سبب آئرلینڈ کی پوری ٹیم صرف 119 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

پاکستان، افغانستان اور بنگلہ دیش کے کھلاڑی اکثر رمضان المبارک میں روزہ رکھ کر میچ میں شرکت کرتے ہیں اور کئی مواقع ان تینوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی میدان میں نماز پڑھتے ہوئے ویڈیو وائرل ہو چکی ہے۔