پاکستان

سندھ کابینہ کی حلف برداری، وزرا، مشیروں کو قلمدان بھی تفویض

شرجیل انعام میمن کو محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ، محکمہ ایکسائز ، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس، ڈاکٹر عذراپیچوہو کو محکمہ صحت، بہبود آبادی کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے، ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ

8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کے نتیجے میں بننے والی حکومت سندھ کی 9 رکنی کابینہ نے حف اٹھالیا جب کہ انہیں قلمدان بھی تفویض کردیے ہیں۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے نئے صوبائی وزرا سے حلف لیا، سید مراد علی شاہ حلف برداری تقریب میں شریک ہوئے۔

ترجمان کے مطابق حلف لینے والوں میں شرجیل انعام میمن، ڈاکٹر عذرا پیچوہو، سید ناصر حسین شاہ، سعید غنی، جام خان شورو، ضیا حسین لنجار، سردار محمد بخش مہر اور علی حسن زرداری شامل ہیں۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق چیف سیکریٹری ڈاکٹر فخر عالم نے وزرا کی تقرری کا نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا، گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ نے حلف لینے والے وزرا کو مبارکباد دی۔

بیان میں بتایا گیا کہ چیف سیکریٹری نے وزیراعلیٰ سندھ کی سفارش پر 3 مشیران کا اعلان کیا، ان مشیروں میں بابل بھیو،احسان مزاری اور نجمی عالم شامل ہیں۔

ابتدائی طور پر سندھ کابینہ کے 9 وزرا نے عہدوں کا حلف اٹھایا، وزرا میں شرجیل میمن، ناصرشاہ، سعید غنی اور سردار شاہ شامل ہیں۔

ان کے علاوہ عذرا افضل، محمد بخش مہر، ضیاالنجار اور جام خان شورو بھی وزرا میں شامل ہیں۔

بعد ازاں ایک اور جاری بیان میں ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حلف اٹھانے والے وزرا اور مشیران کو ان کے قلمدان تفویض کردیے گئے ہیں، شرجیل انعام میمن کو محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ اور محکمہ ایکسائز ، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کا قلمدان دیا گیا ہے، ڈاکٹر عذراپیچوہو کو محکمہ صحت اور بہبود آبادی اور سید ناصر حسین شاہ کو محکمہ توانائی اور منصوبہ بندی اور ترقیات کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے۔

اس میں بتایا گیا کہ سید سردار علی شاہ کو محکمہ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی، محکمہ کالج ایجوکیشن اور محکمہ مائنز اینڈ منرلز ڈیولپمنٹ، سعید غنی کو محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ ہائوسنگ ٹاؤن پلاننگ ڈپارٹمنٹ اور پبلک ہیلتھ ایجینئرنگ اینڈ رورل ڈیولپمنٹ کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جام خان شورو کو محکمہ آبپاشی اور محکہ خوراک، ضیا الحسن لنجار کو محکمہ داخلہ اور لا، پالیمنٹری افیئرز اینڈ کرمنل پروسیکیوشن اور سردار محمد بخش خان مہر کو ایگریکلچر، سپلائی اینڈ پرائز ، اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز اور انکوائریز اینڈ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کا قلمدان دیاگیا ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق علی حسن زرداری کو جیل خانہ جات، سید ذوالفقار علی شاہ کو محکمہ کلچر، ٹورازم، اینٹیکیوٹیز اینڈ آرکائیوز کا وزیر بنایا گیا ہے۔

ان کے علاوہ اللہ بخش ڈنو خان بھیو کو محکمہ فاریسٹ اینڈ وائلڈ لائف، احسان الرحمٰن مزاری کو محکمہ انٹر پروونشل کوآرڈینیشن اور سید نجمی عالم کو ہیومن سیٹلمنٹ، اسپیشل ڈیولپمنٹ اینڈ سوشل ہاؤسنگ اور محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ فشریز کا مشیر مقرر کیاگیا ہے۔

واضح رہے کہ 27 فروری کو پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مراد علی شاہ نے لگاتار تیسری مرتبہ وزیر اعلیٰ سندھ کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا اور وہ سندھ کے 38ویں وزیر اعلیٰ بن گئے تھے۔

پیپلزپارٹی، جے یو آئی (ف) کا سینیٹ انتخابات میں تعاون کا فیصلہ

پی ایس ایل 9: پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 2 رنز سے شکست دے دی

تاثر دینا بند کیا جائے کہ حاملہ خواتین کام اور گھر ایک ساتھ نہیں چلا سکتیں، زارا نور عباس