پاکستان

ڈیرہ اسمٰعیل خان: نامعلوم ملزمان کی فائرنگ، پولیس کانسٹیبل شہید

اہلکار کو سودا سلف خریدنے کے دوران نامعلوم ملزمان نے نشانہ بنایا، پولیس

خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان کی تحصیل کلاچی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل شہید ہو گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ کلاچی میں شخی گیٹ پر پیش آیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ اہلکار کو سودا سلف خریدنے کے دوران نامعلوم ملزمان نے نشانہ بنایا۔

قبل ازیں، آج صبح خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں مچنی گیٹ کے علاقے میں پولیس موبائل پر دہشتگردوں کے حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) زخمی ہوگیا تھا۔

پولیس حکام نے بتایا تھا کہ پولیس اہلکار معمول کی گشت پر تھے کہ دہشتگردوں نے پولیس موبائل پر ڈاگ لار کے علاقے میں فائرنگ کردی۔

اطلاع ملتے ہی پولیس افسران بھاری نفری کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچے جبکہ بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔

واضح رہے کہ حالیہ کچھ عرصے سے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے متعدد حملوں کے سبب سیکیورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں۔

گزشتہ ماہ 27 فروری کو خیبر پختونخوا کے شہر مردان اور پشاور میں فائرنگ سے سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) اور ایک اہلکار شہید جب کہ ڈی ایس پی سمیت 4 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

5 فروری کو خیبر پختونخوا کے شہر ڈیرہ اسمٰعیل خان کی تحصیل درابن میں تھانہ چودہوان پر دہشت گردوں نے رات گئے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 10 پولیس اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے تھے۔

حقیقی آزادی مارچ کیس: فیصل جاوید کی عبوری ضمانت میں توسیع

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے چیف سیکریٹری کو ہٹانے کیلئے وفاقی حکومت کو خط ارسال کردیا

راولپنڈی: گیس لیکیج کے باعث پے در پے 3 دھماکے، 2 بچے جاں بحق، 8 افراد زخمی