پاکستان

انتخاب میں مبینہ دھاندلی کیخلاف پی ٹی آئی کا آج ملک گیر احتجاج کا اعلان

ملک گیر مظاہرے کی کال اُس دن دی گئی جب پیپلزپارٹی کے رہنما آصف علی زرداری دوسری بار ملک کے صدر بنے تھے
|

8 فروری کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی کے بانی عمران خان کی کال پر آج (10 مارچ کو) ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ملک گیر مظاہرے کی کال گزشتہ روز دی گئی جب رہنما پیپلزپارٹی آصف علی زرداری دوسری بار ملک کے صدر منتخب ہوگئے۔

پی ٹی آئی کے ترجمان کے مطابق ’قوم کبھی بھی اپنی مرضی کے خلاف کرپٹ لوگوں کو ملک کے صدر اور وزیر اعظم کے طور پر قبول نہیں کرے گی۔‘

انہوں نے اعلان کیا کہ ’پارٹی آج (اتوار کو) عمران خان کی کال پر ملک بھر میں پرامن احتجاج کرے گی تاکہ چوری شدہ مینڈیٹ کو دوبارہ حاصل کیا جا سکے‘۔

ایڈوکیٹ شعیب شاہین، جنہوں نے 8 فروری کو اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی نشست کے لیے الیکشن لڑا تھا، نے ڈان کو بتایا کہ ’کارکنان دوپہر 2 بجے اسلام آباد کے زیرو پوائنٹ انٹرچینج پر جمع ہوں گے اور پھر نیشنل پریس کلب کی طرف بڑھیں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ وہ جی 9/3 سے ریلی کا آغاز کریں گے، اسی طرح امیر مغل اور علی بخاری (جو اسلام آباد سے بھی الیکشن لڑ چکے ہیں) ریلیوں کی قیادت کریں گے اور زیرو پوائنٹ پر جمع ہوں گے، اس کے بعد احتجاج کرنے کے لیے نیشنل پریس کلب کی طرف بڑھیں گے جہاں پر امن احتجاج ہوگا۔

پی ٹی آئی نے احتجاج کے لیے کئی دیگر مقامات کی بھی نشاندہی کی ہے۔

کراچی میں احتجاج

کراچی میں پی ٹی آئی نے ضلع ملیر میں ڈی سی آفس سے داؤد چورنگی تک مظاہروں کا اعلان کیا ہے، کورنگی نمبر 2 ، حیدری مارکیٹ، نارتھ ناظم آباد، نیا ناظم آباد میں، لیاری، شیرشاہ پراچہ چوک میں بھی پرامن احتجاج ہوگا۔

پنجاب میں مظاہرے

اسی طرح پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے جنرل سیکرٹری اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر، جو گزشتہ سال 9 مئی کے واقعے کے بعد سے روپوش ہیں، نے ایکس پر لکھا کہ پارٹی رہنما اور کارکنان اتوار کو دوپہر 2 بجے فیصل آباد کے گھنٹہ گھر میں پرامن احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔

پی ٹی آئی کارکنان ملتان میں خانیوال روڈ پر ساہو چوک پر احتجاج کریں گے، ڈیرہ غازی خان میں ٹریفک چوک، رحیم یار خان میں دعا چوک، لیہ میں یادگار چوک اعظم، بہاولپور میں سرائیکی چوک اور کچری چوک مظفر گڑھ میں مظاہرہ ہوگا۔

پارٹی کا پشاور کے کبوتر چوک پر دوپہر 2 بجے مظاہرہ کرنے کا بھی پلان ہے۔

آصف زرداری دوسری بار صدر مملکت منتخب

جوبائیڈن کا ’متضاد‘ بیان، اسرائیل کو ’ریڈ لائن‘ عبور نہ کرنے پر اصرار

پی ٹی آئی کو صدر عارف علوی سے کافی توقعات تھیں، علی محمد خان