Live Election 2024

آصف زرداری بمقابلہ محمود اچکزئی: 14 ویں صدر کے انتخاب کیلئے پولنگ کا آغاز

نئے صدر مملکت کے انتخاب کے لیے پولنگ کا وقت شروع ہوگیا ہے۔ دس بجتے ہی سینیٹ۔ قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں...

نئے صدر مملکت کے انتخاب کے لیے پولنگ کا وقت شروع ہوگیا ہے۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق 10 بجتے ہی سینیٹ، قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ شروع ہوگئی۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پریزائڈنگ افسر جسٹس عامر فاروق نے نشست سنبھال لی، دونوں امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس بھی ایوان میں موجود ہیں۔

ووٹنگ کا عمل شام 4 بجےتک کسی وقفے کے بغیر جاری رہے گا، ارکان خفیہ رائے شماری کے ذریعے صدر کا انتخاب کریں گے۔

حکمران اتحاد کی جانب سے آصف علی زرداری اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے محمود خان اچکزئی آمنے سامنے ہیں۔

حکومتی اتحاد کی عددی اکثریت کی بنا پر آصف علی زرداری کے ایک بار پھر صدر بننے کا قوی امکان ہے، شیری رحمٰن کو آصف زرداری کی پولنگ ایجنٹ مقرر کیا گیا ہے۔

ووٹنگ کے لیے صدارتی امیدوار آصف زرداری اور محمود اچکزئی قومی اسمبلی پہنچ چکے ہیں جبکہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں بھی ارکان کی آمد کاسلسلہ جاری ہے۔

وزیراعظم میاں شہباز شریف اور بلاول بھٹو بھی ایوان میں پہنچ گئے ہیں، رکن قومی اسمبلی عبدالحکیم بلوچ نے پہلا ووٹ کاسٹ کیا۔