پاکستان

خواتین کے تحفظ کیلئے وزیراعظم ہاؤس میں مانیٹرنگ سیل قائم کرنے کا اعلان

سیل خواتین کے لیے تحفظ کی فراہمی کو یقینی بنائےگا، ہمیں ملک بھر کی خواتین کو دفاتر اور فیکٹریوں میں محفوظ ماحول دینا ہوگا، شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف نے خواتین کو تحفظ کی فراہمی کے لیے وزیراعظم ہاؤس میں مانیٹرنگ سیل قائم کرنے کا اعلان کردیا۔

وزیر اعظم کی جانب سے یہ اعلان عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا گیا۔

وزیراعظم نے مانیٹرنگ سیل قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیل خواتین کو تحفظ کی فراہمی کو یقینی بنائےگا۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم نے لاہور میں ایک مشتعل ہجوم سے ایک عربی لباس پہننے والی خاتون کو بحفاظت نکالنے والی پنجاب پولیس کی افسر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شہربانو نے جان ہتھیلی پر رکھ پر خاتون کی جان بچائی۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہمیں ملک بھر کی خواتین کو دفاتر اور فیکٹریوں میں محفوظ ماحول دینا ہوگا۔

قبل ازیں وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے8 مارچ کوخواتین کے عالمی دن کے موقع پر جاری پیغام میں کہا کہ آج دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن ’شمولیت کی ترغیب دی‘ کے موضوع کے تحت منایا جا رہا ہے، آج کا دن خواتین کی سماجی، معاشی، ثقافتی اور سیاسی کامیابیوں کے اعتراف اور ان کو معاشرے کی تعمیر میں مؤثر کردار کے منصفانہ مواقع فراہم کرنے کا دن ہے۔

’انسانی معاشرے کی ترقی خواتین کے تعمیری کردار کے بغیر ممکن نہ تھی‘

انہوں نے کہا کہ آج کا دن خواتین کے انسانی ارتقا میں تعمیری کردار کو پہچان کر ان کو معاشرے میں بلند مقام دینے کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن امہات المومنین اور صحابہ کرام کے دین کی اساس میں کلیدی کردار و خدمات، محترمہ فاطمہ جناح کی سیاسی بصیرت، بیگم رعنا لیاقت علی خان کی ملکی خدمات، محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی جمہوریت کے لیے قربانی اور محترمہ کلثوم نواز کی جمہوریت کی بقا کے لیے جدوجہد، محترمہ بلقیس ایدھی اور ڈاکٹر روتھ فاؤ کے انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لیے اپنی زندگی وقف کرنے، ملالہ یوسف زئی کی تعلیمِ نسواں کے لیے جرت اور ان جیسی تمام عظیم خواتین کو یاد کرکے نسلِ نو کو ان کے بارے میں آگاہی دینے کا دن ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ انسانی معاشرے کی ترقی خواتین کے تعمیری کردار کے بغیر ممکن نہ تھی، انسان اگر اپنے اردگرد نگاہ دوڑائے تو خاتون کا ہر روپ اسے معاشرے کا ایک کار آمد رکن بنانے میں مصروف نظر آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو آج سے 14 صدیاں قبل برابری کے حقوق دیے، ماں کے قدموں تلے جنت اور بیٹی کو گھر کی رحمت قرار دیا، اسلام خواتین کے وقار کو ماند کیے بغیر انہیں زندگی کے ہر شعبے میں مثبت کردار ادا کرنے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ معاشرہ خواتین کی ہر شعبے میں خدمات کی مثالوں سے بھرا پڑا ہے، اکیسویں صدی کی دنیا میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ انسانی تہذیب کی ترقی میں مصروفِ عمل ہیں، آج کسی بھی شعبے کو اٹھا کر دیکھ لیں آپ کو خواتین اپنی گھریلو ذمہ داریوں کی احسن طریقے سے انجام دہی کے ساتھ ساتھ ہر شعبے میں قائدانہ کردار میں نظر آئیں گی جو خوش آئند امر ہے۔

’خواتین کو مزید بااختیار، محفوظ بنانے کے لیے اور کام کرنا ہے‘

انہوں نے کہا کہ خواتین کو مساوی حقوق اور یکساں ترقی کے مواقع کی فراہمی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، ماضی میں بھی میں نے خواتین کو یکساں ترقی کے مواقع، تعلیمی سہولیات اور روزگار کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا، خواتین کو منصفانہ حقوق کی فراہمی اور ان کے تحفظ کے لیے نہ صرف قوانین بنائے بلکہ ان کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے پالیسی اقدامات اٹھائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ان اقدامات میں خواتین کو وراثت میں حصے کا قانون، بچیوں کی تعلیم کے لیے زیورِ تعلیم اسکالرشپ، پنجاب اینڈاؤمنٹ فنڈ میں ان کا خصوصی حصہ، لیپ ٹاپس کی فراہمی اور میرٹ پر بھرتیاں شامل ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ مجھے اس بات کا پورا ادراک ہے کہ ابھی ہمیں خواتین کو مزید با اختیار، ان کے تحفظ اور منصفانہ حقوق کو یقینی بنانے کے لیے مزید کام کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس میں سول سوسائٹی، میڈیا اور حکومت سب کو تعاون سے نہ صرف خواتین کے حقوق اور ان کے تحفظ کا عہد کرنا ہوگا بلکہ اس حوالے سے آگاہی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا، میرا اپنے ملک کی باصلاحیت خواتین سے آج کے دن کی مناسبت سے یہ وعدہ ہے کہ ہماری حکومت خواتین کے منصفانہ حقوق، ان کے تحفظ اور ان کو یکساں تعلیم و ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھاتی رہے گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میرے ملک کی مائیں اور بہنیں ملک و قوم کا فخر ہیں اور مجھے پورا بھروسہ ہے کہ انہیں یکساں ترقی کے مواقع اور منصفانہ حقوق کی فراہمی سے یہ ملک و قوم کی تعمیر و خوشحالی میں اپنا کلیدی کردار ادا کر سکیں گی۔

سینیٹر اعجاز چوہدری کے دل میں تکلیف، سخت سیکیورٹی حصار میں ہسپتال منتقل

پی ایس ایل9 میں کراچی کنگز کو شکست، اسلام آباد یونائیٹڈ کی ایونٹ میں چوتھی فتح

حاملہ ہونے کی افواہیں کیوں پھیلائی گئیں؟ ماہرہ خان نے بتادیا