سینیٹر اعجاز چوہدری کے دل میں تکلیف، سخت سیکیورٹی حصار میں ہسپتال منتقل
سینیٹر اعجاز چوہدری کو طبیعت کی خرابی اور دل میں تکلیف کے سبب پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کردیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق سینیٹر اعجاز چوہدری کو آج طبیعت بگڑنے پر سخت سیکیورٹی میں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لایا گیا جہاں ان کا معائنہ کیا گیا۔
ہسپتال میں معائنے کے بعد اعجاز چوہدری کو اسلام آباد لے جایا جائے گا۔
اس سے قبل ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزآفریدی نے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔
اس حوالے سے سینیٹر اعجاز چوہدری نے کہا تھا کہ مجھے جیل میں 10 مہینے ہو گئے ہیں اور سینیٹر ہونے کی حیثیت سے میرے ہر سینیٹ اجلاس کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم 10 ماہ سے عدالت کے سامنے پیش ہورہے ہیں اس لیے اب ہمارے ساتھ انصاف ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کا شکرگزار ہوں کہ کم از کم کل صدارتی ووٹ ڈال سکوں گا، مجھے کوٹ لکھپت جیل سے اب سینیٹ کے لیے لے کر جا رہے ہیں۔
تحریک انصاف کے سینیٹر نے کہا کہ جو مینڈیٹ 8 فروری کو ملا اسے پارلیمانی میں درست طریقے سے نظر بھی آنا چاہیے کیونکہ زرداری اور شہباز کی صورت پاپا اور چاچا کی حکومت بن گئی ہے۔