پاکستان

شانگلہ: لینڈ سلائیڈنگ سے جمع ملبہ ہٹانے کے دوران پتھر گرنے سے 2 افراد جاں بحق

خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے قلعہ مناف خیل میں لنک روڈ پر حالیہ لینڈ سلائیڈنگ سے جمع ہونے والے ملبے کو ہٹانے کی کوشش کے دوران حادثے کا شکار ہوئے، ترجمان ریسکیو 1122

خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے قلعہ مناف خیل میں لنک روڈ پر حالیہ لینڈ سلائیڈنگ سے جمع ہونے والے ملبے کو ہٹانے کی کوشش کے دوران پتھر گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان رسول خان شریف نے ’ڈان ڈاٹ کام‘ کو ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں افراد لینڈ سلائیڈنگ کا ملبہ ہٹاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوئے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ متاثرہ افراد کو فوری طور پر ملبے سے نکال کر سوات کے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں 17 سالہ امجد علی اور 26 سالہ سید باچا دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

مقامی اسکول کے استاد محمد صالح نے بتایا کہ کئی مقامات پر سڑک بلاک ہونے کے بعد علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر سے ملبہ ہٹانے کی درخواست کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئی مثبت جواب نہ ملنے پر مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹانا شروع کیا جس کے دوران حادثہ ہوگیا۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور لینڈسلائیڈنگ سے ہونے والے حادثات میں اب تک کم از کم 27 افرادجاں بحق جبکہ 38 سے زیادہ افراد زخمی ہو چکے ہیں، اس کے علاوہ 129 گھروں کو جزوی جبکہ 33 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا ہے۔

پی ایس ایل9 میں کراچی کنگز کو شکست، اسلام آباد یونائیٹڈ کی ایونٹ میں چوتھی فتح

دانیال ظفر کی شخصیت ایسی ہے کہ اس لڑکے سے پیار ہوجائے، نادیہ خان

آصف زرداری دوسری بار صدر بننے والے ملک کے پہلے سربراہ ہوں گے، بلاول بھٹو