سائنس و ٹیکنالوجی

ٹک ٹاک سے پیسے کمانے کی شرائط آسان کردی گئیں

ٹک ٹاک کے مطابق اب مواد تخلیق کار (کانٹینٹ کریئیٹرز) ایک منٹ سے زائد دورانیے کی ویڈیوز سے بھی پیسے کمانے لگیں گے۔

شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک نے پلیٹ فارم پر مواد شیئر کرکے پیسے کمانے کی شرائط کو مزید آسان کردیا۔

ٹک ٹاک نے اپنی بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ اب مواد تخلیق کار (کانٹینٹ کریئیٹرز) ایک منٹ سے زائد دورانیے کی ویڈیوز سے بھی پیسے کمانے لگیں گے۔

کمپنی کے مطابق ویڈیوز سے پیسے کمانے کے لیے مواد تخلیق کاروں کو چند ضروری باتوں کا خیال رکھنا ہوگا، جس میں سے سب سے اہم بات اصلی مواد ہونا ہے۔

اسی طرح پیسے کمانے کے لیے ویڈیو کے دورانیے، سرچ ویلیو اور آڈینس انگیجمنٹ کو بھی اہم قرار دیا گیا ہے، یعنی جو مواد تخلیق کار مذکورہ چاروں شعبوں پر پورا اتریں گے، وہ جلد ہی ٹک ٹاک سے پیسے کمانا شروع ہوجائیں گے۔

ٹک ٹاک پر پیسے کمانے کے نئے طریقے کے تحت کسی بھی اکاؤنٹ ہولڈر کے فالوورز کی تعداد 10 ہزار ہونا لازمی ہوگی جب کہ ان کی ویڈیوز کے ویوز ایک ماہ میں ایک لاکھ تک ہونا لازمی ہوں گے۔

یعنی جن مواد تخلیق کاروں کے ٹک ٹاک پر 10 ہزار فالوورز ہوں گے اور ان کی ویڈیوز کو ایک ماہ میں ایک لاکھ بار دیکھا جا چکا ہوگا، وہ فوری طور پر اپنی ایک منٹ سے زائد دورانیے کی ویڈیوز سے پیسے کمانے لگیں گے۔

ٹک ٹاک نے بتایا کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران پلیٹ فارمز پر بعض مواد تخلیق کاروں کی ماہانہ کمائی 50 ہزار ڈالر سے بھی زائد ہوچکی ہے اور کانٹینٹ کریئیٹرز کی کمائی میں 250 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ٹک ٹاک پر فلٹرز اور افیکٹس بناکر پیسے کمانا ممکن

ٹک ٹاک پر پیسے کمانے کا فیچر پیش کرنے کا اعلان

ٹک ٹاک پر پیسے کمانے کا نیا طریقہ متعارف