کراچی سٹی کونسل کے اجلاس میں نئی تاریخ رقم، ایوان سے پہلی بار ٹرانس جینڈر رکن کا خطاب
کراچی سٹی کونسل کے اجلاس میں نئی تاریخ رقم ہو گئی اور ٹرانس جینڈر رکن شہزادی رائے نے ایوان سے پہلی بار خطاب کیا جبکہ اجلاس میں پیش کی گئی پانچ قراردادوں میں سے چار قراردادیں منظور کرلی گئیں۔
ڈان نیوز کے مطابق میئر کراچی کی زیر صدارت ہونے والے کراچی سٹی کونسل کے پانچویں اجلاس میں ایوان ایک بار پھر مچھلی بازار کا منظر پیش کرتا رہا۔
اجلاس میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے پارکوں کی تزئین و آرائش، ملک کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو تمغہ کراچی بمعہ نقد انعام دینے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔
عید الاضحیٰ کے موقع پر کراچی میں لگائی جانے والی مویشی منڈیوں میں فروخت کے لیے لائے گئے جانوروں پر ٹیکس وصولی سمیت سابق رکن صوبائی اسمبلی عبداللہ مراد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پیش کی گئی قرارداد بھی منظور کر لی گئی۔
اجلاس میں مادر ملت فاطمہ جناح کی برسی کی تاریخ پر میئر کراچی اور جماعت اسلامی کے سٹی کونسل کے رکن کے درمیان خوب بحث ہوئی۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے جماعت اسلامی کے سٹی کونسل کے رکن قاضی صدر الدین کو تاریخ کا مطالعہ کرنے کا مشورہ دیا۔
اجلاس کے دوران ٹرانس جینڈر رکن شہزادی رائے نے ایوان سے پہلی بار خطاب کرکے تاریخ رقم کردی اور شہزادی رائے کے دلچسپ جملوں سے ایوان محظوظ ہوتا رہا۔
دوران اجلاس جماعت اسلامی کی جانب سے تمام خواتین ارکان میں رمضان المبارک کے موقع پر تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔
چار قراردادوں کی منظوری کے بعد اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا۔