پاکستان

چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کی بطور جج سپریم کورٹ میں تعیناتی کی منظوری

صدر عارف علوی نے نعیم اختر افغان سمیت تین ججوں کی مختلف عدالتوں میں تعیناتی کی منظوری دے دی۔

صدر عارف علوی نے تین ججوں کی سپریم کورٹ سمیت مختلف عدالتوں میں تعیناتی کی منظوری دے دی۔

ڈان نیوز کے مطابق صدر مملکت نے بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نعیم اختر افغان کی بطور جج سپریم کورٹ تعیناتی کی منظوری دی۔

صدر مملکت نے جسٹس نعیم اختر افغان کی تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 175 (اے) 13 کے تحت دی۔

نعیم اختر افغان کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کے بعد بلوچستان ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ کی بطور قائمقام چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی ۔

صدر مملکت نے جسٹس محمد ہاشم خان کی بطور قائمقام چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 196 کے تحت دی ۔

اس کے علاوہ جسٹس ملک شہزاد کی بطور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ تعیناتی کی منظوری بھی دے دی گئی۔

جسٹس ملک شہزاد احمد خان لاہور ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج ہیں صدر مملکت نے ان کی تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 175 (اے) 13 کے تحت دی ہے۔