پاکستان

سائفر کیس: اسلام آباد ہائیکورٹ کی فریقین کو 11 مارچ کو مکمل تیاری کےساتھ آنے کی ہدایت

ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بانی پی ٹی آئی کی سائفر کیس اور توشہ خانہ نیب ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل نے سزا کے خلاف اپیلوں پر دلائل کا آغاز کردیا جبکہ عدالت نے فریقین کو 11 مارچ کو مکمل تیاری کے ساتھ آنے کی ہدایت کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بانی پی ٹی آئی کی سائفر کیس اور توشہ خانہ نیب ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔

دوران سماعت ایف آئی اے کے نئے پراسیکیوٹر جسٹس ریٹائرڈ حامد علی شاہ نے اپنا وکالت نامہ جمع کرایا اور عدالت سے کیس کی تیاری کے لیے وقت مانگا۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے مزید وقت دینے کی مخالفت کی۔

عدالت نے سلمان صفدر کو دلائل شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے پراسیکیوٹر سے مخاطب ہو کر کہا کہ سلمان صفدر کو دلائل شروع کرنے دیں، انہوں نے کونسا ایک ہی دن میں دلائل مکمل کر لینے ہیں، آپ کے پاس دن ہیں آپ تیاری کر لیجیے گا۔

وکیل سلمان صفدر نے سائفر کیس کے حوالے سے اپنے ابتدائی دلائل دیے اور کیس کے پس منظر کے حوالے سے عدالت کو آگاہ کیا۔

انہوں نے مؤقف اپنایا کہ اس کیس کے دو پہلو ہیں، ایک یہ کہ کیس کے میرٹس کیا ہیں اور دوسرا یہ کہ کیس کو کس انداز میں چلایا گیا، مجھے آئندہ سماعت پر دلائل مکمل کرنے کے لیے ڈیڑھ، دو گھنٹے درکار ہیں۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے یہ کوئی عام ایف آئی آر نہیں، یہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے، اتنا آسان نہ لیں اور آئندہ سماعت پر مکمل تیاری کے ساتھ آئیں، ہم اتنی آسانی سے آپ کی جان نہیں چھوڑیں گے۔

اس موقع پر چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے یہ خصوصی قانون ہے اور آپ نے ہماری معاونت کرنی ہے۔

عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت 11 مارچ تک کے لیے ملتوی کردی۔

عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں بھی بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت 11 مارچ تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ رواں سال 30 جنوری کو سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 10، 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی تھی۔

سائفر کیس

سائفر کیس سفارتی دستاویز سے متعلق ہے جو مبینہ طور پر عمران خان کے قبضے سے غائب ہو گئی تھی، پی ٹی آئی کا الزام ہے کہ اس سائفر میں عمران خان کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے امریکا کی جانب سے دھمکی دی گئی تھی۔

ایف آئی اے کی جانب سے درج فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی ار) میں شاہ محمود قریشی کو نامزد کیا گیا اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی دفعات 5 (معلومات کا غلط استعمال) اور 9 کے ساتھ تعزیرات پاکستان کی سیکشن 34 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

ایف آئی آر میں 7 مارچ 2022 کو اس وقت کے سیکریٹری خارجہ کو واشنگٹن سے سفارتی سائفر موصول ہوا، 5 اکتوبر 2022 کو ایف آئی اے کے شعبہ انسداد دہشت گردی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں سابق وزیر اعظم عمران خان، شاہ محمود قریشی اور اسد عمر اور ان کے معاونین کو سائفر میں موجود معلومات کے حقائق توڑ مروڑ کر پیش کرکے قومی سلامتی خطرے میں ڈالنے اور ذاتی مفاد کے حصول کی کوشش کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں نامزد کیا گیا تھا۔

مقدمے میں کہا گیا کہ سابق وزیراعظم عمران خان، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے معاونین خفیہ کلاسیفائیڈ دستاویز کی معلومات غیر مجاز افراد کو فراہم کرنے میں ملوث تھے۔

سائفر کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ ’انہوں نے بنی گالا (عمران خان کی رہائش گاہ) میں 28 مارچ 2022 کو خفیہ اجلاس منعقد کیا تاکہ اپنے مذموم مقصد کی تکمیل کے لیے سائفر کے جزیات کا غلط استعمال کرکے سازش تیار کی جائے‘۔

مقدمے میں کہا گیا کہ ’ملزم عمران خان نے غلط ارادے کے ساتھ اس کے وقت اپنے پرنسپل سیکریٹری محمد اعظم خان کو اس خفیہ اجلاس میں سائفر کا متن قومی سلامتی کی قیمت پر اپنے ذاتی مفاد کے لیے تبدیل کرتے ہوئے منٹس تیار کرنے کی ہدایت کی‘۔

ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا کہ وزیراعظم آفس کو بھیجی گئی سائفر کی کاپی اس وقت کے وزیر اعظم عمران خان نے جان بوجھ کر غلط ارادے کے ساتھ اپنے پاس رکھی اور وزارت خارجہ امور کو کبھی واپس نہیں کی۔

مزید بتایا گیا کہ ’مذکورہ سائفر (کلاسیفائیڈ خفیہ دستاویز) تاحال غیر قانونی طور پر عمران خان کے قبضے میں ہے، نامزد شخص کی جانب سے سائفر ٹیلی گرام کا غیرمجاز حصول اور غلط استعمال سے ریاست کا پورا سائفر سیکیورٹی نظام اور بیرون ملک پاکستانی مشنز کے خفیہ پیغام رسانی کا طریقہ کار کمپرومائز ہوا ہے‘۔

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ ’ملزم کے اقدامات سے بالواسطہ یا بلاواسطہ بیرونی طاقتوں کو فائدہ پہنچا اور اس سے ریاست پاکستان کو نقصان ہوا۔

ایف آئی اے میں درج مقدمے میں مزید کہا گیا کہ ’مجاز اتھارٹی نے مقدمے کے اندراج کی منظوری دے دی، اسی لیے ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ اسلام آباد پولیس اسٹیشن میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے سیکشنز 5 اور 9 کے تحت تعزیرات پاکستان کی سیکشن 34 ساتھ مقدمہ سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف آفیشنل خفیہ معلومات کا غلط استعمال اور سائفر ٹیلی گرام (آفیشل خفیہ دستاویز)کا بدنیتی کے تحت غیرقانونی حصول پر درج کیا گیا ہے اور اعظم خان کا بطور پرنسپل سیکریٹری، سابق وفاقی وزیر اسد عمر اور دیگر ملوث معاونین کے کردار کا تعین تفتیش کے دوران کیا جائے گا‘۔