پاکستان

وزیر اعظم کی معاشی صورتحال کی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت

ملکی معیشت کو بہتر کرنے کا مینڈیٹ ملا ہے، یہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف نے معاشی صورتحال کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کو بہتر کرنے کا مینڈیٹ ملا ہے، یہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی معیشت کی بحالی سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم کو سیکریٹری خزانہ نے ملکی معاشی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے معاشی صورتحال کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کو بہتر کرنے کا مینڈیٹ ملا ہے، یہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری برادری کو سہولیات کی فراہمی کے لیے کام کرے گی۔

شہباز شریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی ریونیو بورڈ (ایف بی آر) نے 65 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈز کلیئر کردیے ہیں، جس پر وزیر اعظم نے کہا کہ اچھے ٹیکس دہندگان کی حکومتی سطح پر پذیرائی کی جائے گی۔

وزیر اعظم نے ایکسٹنڈڈ فنڈ فیسلٹی پر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے بات چیت فوری آگے بڑھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایس اے ایف سی معاشی استحکام کے لیے انتہائی اہم قدم ہے جسے مزید مستحکم کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں شفافیت لانے کے لیے آٹومیشن ناگزیر ہے، ایف بی آر اور دیگر اداروں کی آٹومیشن پر فی الفور کام شروع کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نقصان میں جانے والے حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری کی جائے گی، ایسے ادارے جن کی ضرورت نہیں ان سے متعلق حکمت عملی بنائی جائے اور ایسے اداروں کو یا تو ضم یا بند کردیا جائے

شہباز شریف نے حکومتی بورڈ اراکین کی مراعات میں کمی کیلئے حکمت عملی پر کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ اجلاس فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے متعلق منعقد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولیات دینے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے اور کاروباری برادری، سرمایہ کاروں اور نوجوانوں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔