دنیا

بھارت کے سیاحتی دورے پر آئی ہسپانوی خاتون کا ریپ، 4 افراد گرفتار

غیر ملکی جوڑے نے انسٹاگرام پر واقعہ کی خوفناک تفصیلات بھی شئیر کیں۔

بھارت کے سیاحتی دورے پر آنے والی ہسپانوی خاتون سے مبینہ گینگ ریپ اور تشدد کے الزام میں پولیس نے 4 افراد کو گرفتار کر لیا۔

برطانوی اخبار دی انڈیپنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی مشرقی ریاست جھارکھنڈ کے ضلع ڈمکا میں یکم مارچ کی رات کچھ لوگوں نے ہسپانوی خاتون اور اس کے شوہر پر حملہ کیا، جہاں انہوں نے رات گزارنے کے لیے خیمہ لگایا تھا۔

بھارت کے سیاحتی سفر پر آیا یہ جوڑا پورے جنوبی ایشیا میں موٹر بائیک کے ذریعے سفر کرتا ہے جس کی ویڈیوز وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شئیر کرتے ہیں۔

غیر ملکی جوڑے نے انسٹاگرام پر واقعہ کی خوفناک تفصیلات بھی شئیر کیں۔

ہسپانوی خاتون کے شوہر (جس کے چہرے پر تشدد کے نشانات واضح تھے) نے انسٹاگرام پر ویڈیو شئیر کرتےہوئے کہا کہ ’انہوں نے ہمیں مارا، انہوں نے میری گردن پر چھری رکھ کر جان سے مارنے کی دھمکی دی۔‘

ویڈیو کے نوٹ میں ہسپانوی خاتون نے لکھا کہ ’ہمارے ساتھ بھارت میں ایسا واقعہ پیش آیا ہے جس کی ہم توقع نہیں کرسکتے تھے، 7 لڑکوں نے مجھے ریپ کا نشانہ بنایا، انہوں نے مجھے مارا پیٹا اور قیمتی اشیا چوری کرکے چلے گئے، وہ صرف مجھے ریپ کا نشانہ بنانا چاہتے تھے، ہم پولیس کے ساتھ ہسپتال میں ہیں‘۔

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ڈمکا پولیس افسر نے کہا کہ تمام ملزمان کی شناخت کر لی گئی ہے اور 4 افراد کو گرفتار کرلیا ہے جنہوں نے جرم کا اعتراف کیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ خاتون کے طبی معائنے کی رپورٹس میں تصدیق ہوئی ہے کہ ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ جوڑا پورے جنوبی ایشیا کا بائیک کے ذریعے سفر کرتا ہے اور پہلے ہی پاکستان اور بنگلہ دیش کا سفر کر چکا تھا، افسران نے بتایا کہ جوڑا مغربی بنگال کے راستے بھارت میں داخل ہونے کے بعد نیپال کی طرف جارہے تھے۔

پولیس کے مطابق غیر ملکی جوڑے نے مرکزی سڑک سے تقریباً 2 کلومیٹر دور جنگلاتی علاقے میں اپنے خیمے لگائے، کچھ دیر بعد 7 کے قریب آدمی ان کے خیمے میں داخل ہوئے اور ان پر حملہ کر دیا۔

جوڑے نے اسی رات تقریباً 11 بجے پولیس کی گاڑی کو روکا اور زخمی حالت میں پائے جانے کے بعد انہیں ہسپتال لے جایا گیا۔

یورو نیوز کے مطابق بھارت میں ہسپانوی سفارت خانہ مقامی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔

واقعے پر بھارتی شہری غم اور غصے کا اظہار کررہے ہیں، جبکہ بولی وڈ اداکارہ ریچا چڈھا نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے شرمناک قرار دیا اور کہا کہ بھارتی غیر ملکیوں کے ساتھ ایسا سلوک کر رہے ہیں جیسا کہ وہ اپنی عورتوں سے کرتے ہیں، شرم آتی ہے ہمارے بوسیدہ معاشرے پر۔’