پاکستان

پاکستان تجارتی سامان کی ضبطی میں بھارت کی ہٹ دھرمی کی مذمت کرتا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

یہ رپورٹس بھارتی میڈیا کی جانب سے حقائق کو غلط انداز میں پیش کرنے کی عکاسی کرتی ہیں، ممتاز زہرہ بلوچ

پاکستان نے تجارتی سامان کی ضبطی میں بھارت کی ہٹ دھرمی کی مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے لیے مقرر کردہ تجارتی سازوسامان کی ضبطی سے متعلق میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ یہ رپورٹس بھارتی میڈیا کی جانب سے حقائق کو غلط انداز میں پیش کرنے کی عکاسی کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ کراچی میں واقع ایک تجارتی ادارے کی جانب سے کمرشل لیتھ مشین کی درآمد کا ایک سادہ سا معاملہ ہے جو پاکستان میں آٹوموبائل انڈسٹری کو پارٹس فراہم کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سازوسامان کی تفصیلات واضح طور پر اس کے خالص تجارتی استعمال کی نشاندہی کرتی ہیں، یہ لین دین شفاف بینکنگ چینلز کے ذریعے تمام متعلقہ دستاویزات کے ساتھ کیا جا رہی تھی۔

ترجمان نے کہا کہ متعلقہ نجی ادارے اس غیر منصفانہ ضبطی کے خلاف معاملے کی پیروی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تجارتی سامان کی ضبطی میں بھارت کی ہٹ دھرمی کی مذمت کرتا ہے، آزاد تجارت میں یہ خلل مشکوک ساکھ رکھنے والی ریاستوں کی جانب سے پولیس کے کردار کے من مانے مفروضے میں موجود خطرات کی نشاندہی کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی کرنے اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے من مانے اقدامات کرنے کی بعض ریاستوں کی بڑھتی ہوئی کھلی چھوٹ کا بھی مظہر ہیں۔