پاکستان

گوادر ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن منگل تک معطل رکھنے کا فیصلہ

گوادر میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر فلائٹ آپریشن بندش کا نیا نوٹم جاری کردیا گیا ہے، ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے گوادر ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن منگل تک معطل رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق گوادر میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر فلائٹ آپریشن بندش کا نیا نوٹم جاری کردیا گیا ہے۔

نئے نوٹم میں کہا گیا ہے کہ گوادر ایئرپورٹ پر منگل تک فلائٹ آپریشن معطل ہوگا۔

واضح رہے کہ گوادر میں 30 گھنٹوں کے دوران 187 ملی میٹر بارش ہونے سے سیکڑوں مکانات پانی میں ڈوب گئے تھے، کمشنر مکران ڈویژن کے مطابق 29 فروری سے یکم مارچ تک مزید 58 ملی میٹر سے زائد بارش ہوئی۔

کمشنر مکران ڈویژن سعید احمد عمرانی نے بتایا تھا کہ 3 روز میں 245 ملی میٹر بارش ہوئی، حالیہ بارش نے 14 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بارش کے پانی کو ڈی واٹرنگ مشینوں اور باؤزر سے پانی نکالا جا رہا ہے، متعدد علاقوں میں ہم نے سڑکوں پر کٹ لگا کر پانی کا رخ سمندر کی جانب کردیا ہے، گوادر سے پانی نکالنے میں کم ازکم 48 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

قبل ازیں جمعرات کو بلوچستان حکومت نے گوادر میں ایمرجنسی نافذ کردی تھی اور شہر میں شدید بارشوں کے بعد تباہی مچانے کے بعد اسے آفت زدہ قرار دیا تھا۔